بھارت میں کھانے کے لیے چاول نہ ہونے پر شکاری زہریلا سانپ کھا گئے

لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھانے کو کچھ نہیں بچا تھا اس لیے جنگل میں جو شکار ملا اسے مار کر بھوک مٹائی، شکاری

محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے شکاریوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، فوٹو : ویڈیو گریب

ISLAMABAD:
بھارتی ریاست ارونا چل پردیش میں شکاری بھوک مٹانے کے لیے زہریلے کوبرا سانپ کا شکار کرکے کھا گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ارونا چل پردیش میں کواٹھی کے ایک گاؤں میں 4 شکاریوں کو بھوک ستانے لگی اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے کھانے کے لیے کچھ دستیاب نہیں تھا جس پر شکاریوں نے جنگل کا رخ کیا اور زہریلے سانپ کوبرا کا شکار کر ڈالا۔


کوبرا کو مارنے کے بعد شکاریوں نے سانپ کو اپنے کندھے پر لٹکایا، تصاویر بنوائیں اور ویڈیو ریکارڈ کی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں شکاریوں کو سانپ کا گوشت کاٹ کر کیلے کے بڑے پتوں پر رکھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں ایک شکاری کہتا ہے کہ بھوک لگ رہی تھی اور کھانے کو چاول میسر نہیں تھا اس لیے آج کا کھانا سانپ کا گوشت ہوگا جو لذیذ بھی ہوتا ہے اور طاقت بخش بھی ہے، آج تو ہم سب کئی دنوں بعد مل کر دعوت کا مزہ لیں گے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو محکمہ تحفظ جنگلی حیات تک بھی پہنچ گئی اور شکاریوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے چھاپہ مار کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ریاست ارونا چل پردیش کو سانپوں کا مسکن بھی کہا جاتا ہے اور یہاں سانپ کے شکار پر پابندی عائد ہے۔
Load Next Story