کورونا کی روک تھام اورمعیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے گا وزیراعظم

کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات مشترکہ ذمہ داری ہے، عمران خان


ویب ڈیسک April 20, 2020
عوام کو سماجی فاصلوں کی اہمیت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی، وزیراعظم۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کوشش ہے کورونا کی روک تھام اور معیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال اور روک تھام کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزارء حماد اظہر، اسد عمر، خسرو بختیار، فخر امام، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، فردوس عاشق اعوان، معید یوسف، فوکل پرسن برائے کورونا ڈاکٹر فیصل سلطان اور چئیرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل شریک ہوئے۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک بھر میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلی طور پر بریفنگ دی، وزیربرائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور حکمت عملی کو مزید موثر بنانے کے لئے مختلف زیر غور تجاویز پر بریف کیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک میں 8 ہزار سے زائد ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں، اس ماہ کے آخر میں بیس ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا، اسپتالوں کی استعدادِ کار کو بڑھانے کے حوالے سے بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں سامنے آنے والی صورتحال سے نمٹا جا سکے، تیسری کھیپ میں 408 اسپتالوں کو کورونا وائرس سے متعلق سامان بھجوایا گیا ہے، جب کہ چوتھی کھیپ میں اس سامان کو دگنا کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ کورونا کی روک تھام اور معیشت کا پہیہ رواں رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے، تاجر برادری کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، وفاقی حکومت کوشاں ہے کہ حکومت کے حالیہ فیصلوں کی روشنی میں جہاں تاجر برادری مشکلات کا شکار ہے وہاں متعلقہ صوبائی حکومت کے تعاون سے ان کے مسائل حل کیے جائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا کے خلاف سب سے مؤثر حکمت عملی سماجی فاصلوں کو یقینی بنانا ہے، اس حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے تاکہ ان کے تعاون کو یقینی بنایا جا سکے، آذاد ملکوں میں طاقت کے استعمال کی بجائے قومی اہمیت کے معاملات میں عوام کو ترغیب دے کر ان کے تعاون کو یقینی بنایا جاتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات مشترکہ ذمہ داری ہے، یہ امر نہایت باعثِ اطمینان ہے کہ مساجد اور عبادات کے حوالے سے لائحہ عمل ملک کے جید علمائے کرام اور مشائخ کے مکمل اتفاق رائے سے طے پایا ہے، اس لائحہ عمل پر عمل درآمد کی ذمہ داری علمائے کرام نے خود لی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں