ورلڈ کپ آئی سی سی نے صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا

جمعرات کو چیف ایگزیکٹیوزکی ٹیلی کانفرنس میں اہم امور پرغور،ایونٹ کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اگست کے آخر میں ہوگا


Sports Desk April 21, 2020
کرکٹ پرکوروناکے مجموعی اثرات کا جائزہ لیا جائے گا، ملتوی سیریزری شیڈول، ٹیسٹ چیمپئن شپ پر بھی بات چیت ہوگی۔ فوٹو: آئی سی سی

KYODO, TOKYO: ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے آئی سی سی نے صبر کا دامن مضبوطی سے تھام لیا،ایونٹ کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اگست کے آخر میں کیا جا سکتا ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے اس وقت اسپورٹس کی دنیا میں بھی تقریباً لاک ڈاؤن ہے، کرکٹ کا اگلا بڑا ایونٹ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی صورت میں 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک شیڈول ہے، البتہ میزبان ملک کی سرحدیں فی الحال 6 ماہ کیلیے بند اور30 ستمبر تک کھلیں گی، ایسے میں میگا ایونٹ کے حوالے سے بھی غیریقینی صورتحال ہے تاہم آئی سی سی نے ایک بار پھر واضح کیاکہ اسے کسی قسم کی کوئی جلدی نہیں ہے۔

ترجمان نے ایک بھارتی اخبار کو بتایا کہ اگست کے آخر تک کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے، اگر ہم مئی میں ایونٹ کو ملتوی کردیں اور بعد میں صورتحال بہتر ہوجائے تو پھر کیا ہوگا، اس لیے فی الحال صورتحال پر نظر رکھنے کے ساتھ ایونٹ کے وقت پر انعقاد کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ فی الحال پہلی ترجیح کھلاڑیوں اور شائقین کی صحت و سلامتی ہے، اس لیے ایونٹ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے فوری فیصلے کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ کے خالی اسٹیڈیمزمیں انعقاد کی قیاس آرائیاں بھی ہو رہی ہیں،البتہ کونسل اور آرگنائزنگ کمیٹی نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔دوسری جانب آئی سی سی جمعرات کوٹیلی کانفرنس کے ذریعے چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ کی میزبانی کرے گی، جس میں تمام 12 فل ممبران اور 3 ایسوسی ایٹ ممالک کے نمائندے شریک ہوں گے۔

میٹنگ میں کورونا وائرس کے کھیل پر مجموعی اثرات کا جائزہ لینے کے ساتھ کھیل کے دوبارہ آغاز پر ایک دوسرے سے پلان شیئر کیے جائیں گے، وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے والی سیریز کو ری شیڈول کرنے، 2023 کے فیوچر ٹور پروگرام پر نظرثانی، ٹیسٹ چیمپئن شپ اور کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پربھی بات ہوگی۔ اس موقع پر ممبران کو ٹی 20 ورلڈ کپ سمیت تمام آئی سی سی ایونٹ سے متعلق ہنگامی پروگرام کے حوالے سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے نے کہاکہ یہ میٹنگ کھیل پر وبا کے مجموعی اثرات کو جاننے کا پہلا قدم ہے، جہاں تک مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا سوال ہے تو ہم اپنے ماہرین اور اتھارٹیزسے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھیں گے، دستیاب ڈیٹا کی مکمل جانچ کے بعد مناسب وقت پر کوئی فیصلہ کریں گے جو کھیل کے بہترین مفاد میں ہوگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں