بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے آئی سی سی کا ’’پیپلز چوائس ایوارڈ‘‘ جیت لیا

ایوارڈ کیلئے نامزد ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں مائیکل کلارک، الیسٹر کک، کمار سنگاکارا اور ویرات کوہلی شامل تھے۔

مہندرا سنگھ دھونی 2010 میں متعارف کرائے گئے اس ایوارڈ کو حاصل کرنے والے دوسرے بھارتی کھلاڑی ہیں۔ فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا رواں سال کا پیپلز چوائس ایوارڈ جیت لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ایوارڈ کی تقریب ممبئی میں منعقد ہوئی جہاں بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری سنجے پٹیل نے مہندرا سنگھ دھونی کی جگہ ان کا ایوارڈ وصول کیا، مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں دورہ جنوبی افریقا کے دورے پر ہے جس کے باعث وہ اپنا ایوارڈ خود وصول نہ کرپائے، پیپلز چوائس ایوارڈ کے لئے 2 نومبر سے 23 نومبر تک ووٹنگ میں تقریباً ایک لاکھ 88 ہزار افراد نے حصہ لیا جس کے بعد آئی سی سی کی کرکٹ کمیٹی کے چیرمین اور سابق بھارتی کپتان انیل کمبلے کی سربراہی میں قائم پینل نے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا۔


پینل نے حتمی مشاورت کے بعد اس سال کے پیپلز چوائس ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے والے 5 کھلاڑی آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک، انگلینڈ کے کپتان الیسٹر کک، جنوبی افریقن کپتان اے بی ڈیویلیرز، بھارت کے ویرات کوہلی اور مہندرا سنگھ دھونی میں سے بھارتی کپتان کو منتخب کیا جس کے بعد وہ سچن ٹنڈولکر کے بعد یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے دوسرے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے پیپلز چوائس ایوارڈ کو 2010 میں متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے لوگ براہ راست اپنے پسندیدہ کرکٹر کو منتخب کرتے ہیں، اس سے قبل یہ ایوارڈ بھارت کے سابق مایہ ناز بلے باز سچن ٹنڈولکر اور سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا حاصل کرچکے ہیں۔
Load Next Story