اثاثہ جات کیس شہباز شریف کی نیب کے سامنے پیش ہونے سے پھرمعذرت

کورونا وائرس کے خطرات کے باعث شہبازشریف نیب میں پیش نہیں ہورہے ،ن لیگی ترجمان

مطلوبہ معلومات اوردستاویزات دستیاب ریکارڈ سے فراہم کردی گئی ہیں ، ترجمان (ن) لیگ فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نیب کی جانب سے کورونا کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کی یقین دہانی کے باوجود ایک مرتبہ پھر پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔

شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کورونا وائرس کے خطرات کے باعث نیب میں پیش نہیں ہورہے، کورونا کے باعث دقت کے باوجود پاکستان اور برطانیہ سے معلومات حاصل کرکے اور یادداشت کی بنیاد پر معلومات بمع دستاویزات فراہم کردی گئی ہیں، کوئی مزید معلومات بھی مانگی گئیں تو مہیا کردی جائیں گی۔ مزید سوالات پوچھنا چاہیں تو وڈیو کانفرنس کے ذریعے پوچھ سکتے ہیں، اس حوالے سے اسکائپ ایڈریس فراہم کردیا گیا ہے۔


ترجمان (ن) لیگ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہبازشریف کینسر سرجری سے گزر چکے ہیں، جس کے نتیجے میں قوت مدافعت کی کمی کے باعث خدانخواستہ کورونا وائرس سے متاثر ہوسکتے ہیں، شہبازشریف کی نیب کو درخواست کے ساتھ تمام ڈاکٹرز کے سرٹیفکیٹس بھی منسلک ہیں پہلے بھی درخواست کی تھی کہ موجودہ حالات میں شہباز شریف کی زندگی خطرے میں نہ ڈالی جائے۔

واضح رہے کہ نیب نے شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 17 اپریل کو طلب کیا تھا تاہم انہوں نے تحریری جواب جمع کرادیا تھا اور وہ خود کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث پیش نہیں ہوئے تھے۔ جس کے بعد نیب نے شہباز شریف کو 22 اپریل کو پھر پیش ہونے کا نوٹس ارسال کیا۔
Load Next Story