امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ

ملک میں ڈالر سمیت دیگر غیرملکی کرنسیوں کی ڈیمانڈ ختم ہوگئی ہے، ماہرین


ویب ڈیسک April 22, 2020
ملک میں ڈالر سمیت دیگر غیرملکی کرنسیوں کی ڈیمانڈ ختم ہوگئی ہے، ماہرین۔ فوٹو:فائل

امریکی ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بدھ کے روز زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کی نسبت پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ جاری رہا، اور ڈالر کے انٹربینک ریٹ پورے دن اتارچڑھاؤ کے بعد 76 پیسے کی کمی سے 160 روپے 36 پیسے پر بند ہوا۔

کاروبار کے آغاز پر انٹربینک مارکیٹ میں روپے کی نسبت ڈالر کی قدر ایک موقع پر 1 روپے62 پیسے کی کمی سے تقریبا ایک ماہ کی کم ترین 159 روپے 50 پیسے کی سطح پر آگئی تھی، تاہم دوپہر کے بعد اتارچڑھاو کا رحجان غالب ہوا، اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے کی کمی سے 159 روپے 50 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے کورونا کے لیے 1.39 ارب ڈالر کے فوری قرض منظور ہونے اور خام تیل کی گھٹتی ہوئی قیمت ڈالر کی تنزلی کا باعث بن گئی ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 11 روز کے دوران ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں مجموعی طور پر 7 روپے 29 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ کو رونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور لاک ڈاون کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر میں درآمد و برآمدات اور تجارتی سرگرمیاں منجمد ہوگئی ہیں اور زرمبادلہ میں لین دین کا حجم بھی محدود ہوگیا ہے۔

انٹربینک مارکیٹ میں درآمدی لیٹر آف کریڈٹس بھی نہیں کھولے جارہے ہیں، بینکوں اور ایکس چینج کمپنیوں کی کاروباری سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہی ہیں، لہذٰا ملک میں ڈالر سمیت دیگر غیرملکی کرنسیوں کی ڈیمانڈ ختم ہوگئی ہے، یہی وہ عوامل ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ڈالر سمیت دیگر غیرملکی کرنسیوں کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں ہونے والی کمی سے پاکستان پر 100 ارب ڈالر کے واجب الادا نجی و بیرونی قرضوں کے بوجھ میں بھی 165 ارب روپے کی کمی واقع ہوگی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں