ملک میں مزید 544 افراد میں کورونا کی تصدیق مریضوں کی تعداد 11 ہزار57 ہوگئی

کورونا نے مزید 15 افراد کی جان لے لی، جاں بحق افراد کی تعداد 224 ہوگئی


ویب ڈیسک April 23, 2020
کورونا نے مزید 15 افراد کی جان لے لی، جاں بحق افراد کی تعداد 224 ہوگئی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 11 ہزار 57 ہوگئی ہے جب کہ 235 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے مجموعی طور پر ایک لاکھ 24 ہزار 549 ٹیسٹ کیے گئے جن میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹ کی تعداد 6 ہزار 700 ہے۔

ایک دن میں کورونا کے 544 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اس وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 11 ہزار 57 ہوگئی۔ ملک میں کورونا وائرس سے 2337 مریض صحت یاب بھی ہوگئے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ 4767 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے علاوہ سندھ میں 3671، خیبرپختونخوا 1453، بلوچستان 607، گلگت بلتستان میں 290، اسلام آباد میں 214 جب کہ آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 55 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

سب سے زیادہ جانی نقصان

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکے مطابق ملک میں کورونا نے مزید 11 افراد کی جان لے لی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 235 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 83 ہے، سندھ 73، پنجاب 65، بلوچستان میں 8 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 3،3 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

''کورونا سے لڑنا نہیں رب کے آگے جھکنا ہے''

نامورعالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ کورونا آسمانی آفت ہے ہم اس سے لڑنہیں سکتے ہمیں اپنے رب کو عاجزی کے ساتھ منانا ہے۔

مولانا طارق جمیل نے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لیے جاری''احساس ٹیلی تھون'' میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ قوم جھوٹ، بد دیانتی اور بے حیائی چھوڑ دے، اللہ تعالیٰ نے چھوٹے سے وائرس سے دنیا کوہلا کررکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالی کے سامنے جھکنا ہے تا کہ وہ ہم پراپنا فضل کرے، یکم رمضان کی رات پوری قوم 2 نفل پڑھ کر دعا کرے، غرباء کو گھروں میں جاکر زکوۃ دی جائے۔ مولانا طارق جمیل نے آخر میں رقت آمیز دعا بھی کرائی۔

پاکستان ریلوے کو 5 ارب سے زائد کا نقصان

ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن کی معطلی سے پاکستان ریلوے کو 5 ارب 26 کروڑ کا نقصان ہوا ہے، مسافر ٹرینوں کی بندش سے ریلوے کو 3 ارب 20 کروڑ کا نقصان ہواجب کہ مال بردار گاڑیوں کی بندش سے ریلوے کو2 ارب 10کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچا ہے، ٹرین آپریشن کی معطلی سے پاکستان ریلوے کو یومیہ ساڑھے 15 کروڑ کا نقصان ہو رہا ہے۔

لاک ڈاؤن مزید ایک ہفتہ بڑھانے کی سفارش

پنجاب حکومت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری اعظم سلیمان، سیکرٹری داخلہ مومن آغا اور دیگر نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کو صوبے میں مزید 1 ہفتہ بڑھانے کی سفارش کردی گئی۔

دکانیں کھولنے پر گرفتار تاجروں کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

نیپیئر پولیس نے گرفتار تاجر رہنما سمیت 6 تاجروں کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا، پیش کیے گئے ملزمان میں حماد پونا والا، محمد احسان، محمدخلیل، جاوید عبدالشکور، ملک عقیل اور فیصل حسن زئی شامل ہیں۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، ہنگامہ آرائی، تشدد اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے جب کہ ملزمان کے وکلا کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی گئی جس کو عدالت نے مسترد کرتے ہوئے تاجر رہنما سمیت 6 تاجروں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

میں اور تقی عثمانی گھر پر نماز پڑھیں گے، مفتی منیب الرحمان

مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ میں گھر پر ہی نماز ادا کررہا ہوں اور رمضان میں بھی یہی سلسلہ رہے گا، حکومت اور علما کے درمیان 20 نکاتی معاہدے پر عمل شروع ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام علما حکومت کے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل کریں، ہم ہر صورت معاہدے کو یقینی بنائیں گے، صدر اور وزیراعظم سے وعدہ کیاہے کہ 50سال سے زائد عمر والے مسجد نہیں آئیں گے۔

رمضان المبارک کے لیے احتیاطی تدابیر اور اصول جاری

حکومت نے رمضان المبارک کے دوران کورونا سے بچنے کے لیے عبادات سمیت مختلف شعبوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مشتمل رہنما اصول جاری کردیے ہیں۔ جس کے تحت مساجد میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد اور بچوں کی اجازت نہیں ہوگی، رمضان المبارک کے دوران مساجد کا رخ کرنے والوں کے لیے گھر سے وضو کرکے آنا، باجماعت نماز اور تراویح کے لیے صفوں کے درمیان چھ فٹ کا فاصلہ رکھنا، سحر و افطار کے اجتماعات نہیں ہوں، قالین یا چٹائی اٹھا کر فرش کو باقاعدگی سے کلورینٹڈ پانی سے دھونا ہوگا۔ اعتکاف کے خواہش مند گھر پر ہی اعتکاف بیٹھیں گے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں