ہمیں بحیثیت قوم کورونا وبا کا مقابلہ کرنا ہے وزیراعظم

اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کیلیے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہا


ویب ڈیسک April 24, 2020
پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے،  وزیراعظم 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے، پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے اور ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی جس میں کورونا کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر نے وزیراعظم کی طرف سے قائم کیے گئے کورونا ریلیف فنڈ کو قومی سطح پر پذیرائی کو سراہا۔

اسپیکر نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لیے اٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی بدولت دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا کی شدت کم ہے۔ اسپیکر نے وزیراعظم کو پارلیمانی سطح پر کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسپیکر نے وزیر اعظم کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے سے متلعق امور سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے فخر امام کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ خصوصی کمیٹی میں پارلیمانی لیڈروں نے وبا پر قابو پانے کے لیے مثبت تجاویز دی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر کیے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کرنا اولین ترجیح ہے کیوں کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے پارلیمان کا کردار انتہائی اہم ہے، پارلیمان قوم کی اجتماعی سوچ کی عکاس ہے، ہمیں بحیثیت قوم اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں