سندھ کے ضلع شکار پورمیں 5 ڈاکٹر کورونا وائرس سے متاثر

کورونا سے صحت یاب ہونے والی خاتون گردے فیل ہونے سے جاں بحق، پولیس اہل کار کے 10 اہل خانہ متاثر

متاثٖرہ افراد کے رابطے میں آنے والوں کے بھی ٹیسٹ کرلیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شکار پور۔ فوٹو، ایکسپریس

MEXICO CITY:
ضلع شکار پور میں 5 ڈاکٹر اور ایک میونسپل کمیٹی کے چیئرمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق ضلعی فوکل پرسن ڈاکٹر صلاح الدین شیخ نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو گھروں میں تنہائی اختیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے اور ان سے رابطے میں آنے والے افراد کے بھی ٹیسٹ کرلیے گئے ہیں۔

مٹیاری

دوسری جانب مٹیاری کے مقامی حکومت کے نمائندے کی اہلیہ کی میت کراچی کے سرکاری اسپتال سے اہل خانہ کے سپرد کردی گئی۔ خاتون کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھی تاہم 21 اپریل کو کیا گیا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ خاتون کی موت 23 اپریل کو ہوئی موت کا سبب گردے فیل ہونا بتایا گیا ہے۔ جمعے کو سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ خاتون کی تدفین مٹیاری میں ہوئی اور اس کا رہائشی علاقہ بھی سیل کردیا گیا ہے۔ ڈپٹٰی کمشنر مٹیاری نے خاتون کے اہل خانہ میں سے دو افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہے۔


سانگھڑ

ٹنڈو آدم تعلقہ، ضلع سانگھڑ کے ستی پاڑا علاقے کو متاثرہ شخص کے اہل خانہ میں سے 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد سیل کردیا گیا ہے۔ ٹنڈو آدم میں اب تک کورونا وائرس کے 17 کیس سامنے آچکے ہیں۔

دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر سی آئی اے اہل کار کے اہل خانہ میں کورونا کی تشخیص

حیدرآباد میں سی آئی اے کے اہل کار کے اہل خانہ کا دوبارہ ٹیسٹ کرنے پر 10 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے قبل اہل کار کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور دوسری رپورٹ میں وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی تھی۔ محکمہ صحت کے حکام نے ایکسپریس کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو کی ہدایت پر اہل کار ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اس کے اہل خانہ کا دوبارہ ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
Load Next Story