سندھ کابینہ کی اسکول فیس یوٹیلٹی بلز اور کرایوں میں رعایت کی منظوری

احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگی پر ملنے والی کمیشن پر ایس بی آر ٹیکس بھی معاف کردیا

فیس میں یہ رعایت اپریل اور مئی 2020 کیلئے ہے، وزیراعلیٰ سندھ

سندھ کابینہ نے اسکول فیس، یوٹیلٹی بلز اور کرایوں میں رعایت کی اصولی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کی اصولی منظوری دیدی گئی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فیس میں یہ رعایت اپریل اور مئی 2020 کیلئے ہے۔

سندھ کابینہ نے احساس کفالت پروگرام کے تحت ادائیگی پر ملنے والی کمیشن پر ایس بی آر ٹیکس بھی معاف کردیا۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس معافی کا اطلاق صرف متعلقہ بینکنگ ایجنٹس کو ملنے والی کمیشن پر ہوگا۔

کووڈ ریلیف آرڈیننس منظور


کابینہ نے سندھ کووڈ ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020 کی منظوری دیتے ہوئے گورنر کو بھیج دیا۔ آرڈیننس میں اسکول فیس میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ بجلی، پانی، گیس کے بلوں اور رہائشی کرایوں میں رعایت کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ٹریفک جرمانے بڑھانے کی تجویز

سندھ کابینہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے بڑھانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اوور اسپیڈنگ پر موٹرسائیکلز کےلیےجرمانہ 500 روپے، لائٹ وہیکل کےلیے ہزار اور بڑی گاڑیوں پر 1500 روپے، پبلک ٹرانسپورٹ میں زائد مسافر بٹھانے پر جرمانہ تین سو روپے سےبڑھاکر ایک ہزار روپے، اوور ٹیکنگ کا جرمانہ تین سو روپے سے بڑھا کر دو ہزار تک کرنے کی تجاویز بھی دے دیں۔ وزیر اعلی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو اس حوالے سے متعلق افراد سے مشاورت کی ہدایت کردی۔

کابینہ کا تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ

موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر کابینہ ارکان نے جون 2020 تک تنخواہیں نہ لینے کا متفقہ فیصلہ بھی کیا ہے جبکہ کابینہ اور ارکان سندھ اسمبلی ایک ماہ کی تنخواہ پہلے ہی کورونا ایمرجنسی فنڈ میں دے چکے ہیں۔
Load Next Story