لاطینی امریکا میں لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کی ’وبا‘ پھیلنے لگی

خطے کے بڑے ممالک میں عورتوں کے ساتھ بدسلوکی اورتشدد کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، عالمی خبر رساں ادارہ


ویب ڈیسک April 28, 2020
گزشتہ برس خطے میں 38 سو خواتین قتل کی گئیں، خبر رساں ادارہ ۔ فوٹو، فائل

لاطینی امریکا کے ممالک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن میں خواتین پر گھریلو تشدد 'وبا' کی شکل اختیار کرگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لاطینی امریکا کے بڑے ممالک میکسیکو اور برازیل میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کے اعداد وشمار میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چلی اور بلویویا میں باضابطہ شکایات میں کمی آئی ہے تاہم قانونی ماہرین اور اقوام متحدہ ویمن کا مؤقف ہے کہ یہ کمی دراصل تشدد کے واقعات میں نہیں بلکہ ان کی باضابطہ شکایت کے اعداد و شمار میں آئی ہے کیوں کہ اکثر خواتین کو رسمی شکایات درج کرانے کے ذرائع تک رسائی حاصل نہیں ہورہی۔

اقوام متحدہ ویمن کی ڈائریکٹر ماریا نوئیل بائیزا کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث دنیا بھر میں خواتین کو تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سامنا ہے۔ گزشتہ برس لاطینی امریکا میں 38سو خواتین کو قتل کیا گیا آئندہ برس نہ جانے کتنی اور خواتین جان سے جائیں گی؟

ارجنٹینا میں بدسلوکی اور تشدد کا شکار ہونے والی خواتین کے لیے 137 کی خصوصی ہیلپ لائن دست یاب ہے، 20 مارچ کو ملک میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے بعد اس ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی شکایات میں 67 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ ارجنٹینا میں خواتین پر تشدد کے خلاف کام کرنے والی ایک تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تشدد کے واقعات میں حالیہ اضافہ حیران کُن نہیں کیوں کہ یہ کوئی نئی بات نہیں بلکہ پہلے سے موجود تشدد کا رجحان بے لگام ہونے کے آثار ہیں۔ عام حالات میں اس کی نوعیت کسی حد تک قابو میں رہتی تھی۔ ارجنٹینا کی حکومت کےوبا سے قبل کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق ملک میں ہر 23 گھنٹے کے دوران ایک خاتون کا قتل ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: عالمی وبا میں بڑھتے ہوئے گھریلو تشدد پر تشویش ہے، سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ

چلی میں امور خواتین کی وزیر کا کہنا ہے کہ ملک پر نافذ کیے گئے قرنطینہ کے پہلے ہفتے کے دوران خواتین پر تشدد کے واقعات میں 70 فی صد اضافہ ہوا۔ چلی کے دولت مند ضلعے پروینڈسیا کے میئر کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران نفسیاتی اور سماجی امداد کی خدمات میں 500 فی صد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح میکسیکو میں پولیس کے شکایتی مرکز کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو تشدد کی شکایات میں گزشتہ ایک سال کے مقابلے میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

لاطینی امریکا کے ایک اور ملک کولمبیا میں ملکی سطح پر خواتین کے ساتھ بد سلوکی اور تشدد کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران خواتین کے لیے مخصوص ہیلپ لائن پر تشدد اور بد سلوکی کی شکایات 130 فی صد بڑھ گئی ہیں۔

لاطینی امریاکا کے خطے میں 33 ممالک شامل ہیں جن میں برازیل، ارجنٹینا، کولمبیا، چلی، میکسیکو، کیوبا، بولیویا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔