سعید اس مرتبہ آئی سی سی ایوارڈ جیتنے کے لئے پُراعتماد

گذشتہ برس بہترین پرفارمنس کے باوجود نظرانداز کیے جانے پر مایوس ہوگیا تھا،اسپنر


Fawad Hussain December 04, 2013
مجھے امید ہے کہ اس مرتبہ میں اعزاز پانے میں کامیاب ہوجائوں گا،سعید اجمل۔فوٹو:فائل

2012کے آئی سی سی ایوارڈز کی نامزدگیوں میں نظر انداز شدہ سعید اجمل اس مرتبہ شارٹ لسٹ پلیئرز میں شامل ہوگئے، پاکستانی آف اسپنر اس مرتبہ ٹرافی جیتنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔

انھوں نے نامزدگی کے دورانیے7 اگست 2012 سے 25 اگست 2013 کے درمیان 21 میچز میں 41وکٹیں اپنے نام کیں، اس کے برعکس گذشتہ برس ایوارڈز کیلیے معینہ مدت میں انھوں نے 72 شکار کیے تھے، اس کے باوجود نامزدگی نہ ہونے پر پاکستان نے جزوی طور پر تقریب کا بائیکاٹ کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا،پی سی بی نے اسپنر کی حوصلہ افزائی کیلیے انھیں ملکی ایوارڈ سے نوازا تھا، اس مرتبہ قسمت سعید اجمل پر مہربان ہوئی،وہ سال کے بہترین ون ڈے پلیئر ایوارڈکے شارٹ لسٹ پلیئرز میں مصباح کے ساتھ شامل ہیں۔ نمائندہ''ایکسپریس ٹریبیون'' سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ میں شارٹ لسٹ پلیئرز میں شامل ہونے پر بہت خوش اور اس مرتبہ ٹرافی جیت سکتا ہوں۔



انھوں نے مزید کہا کہ میں گذشتہ برس ایوارڈز میں نظرانداز کیے جانے پر مایوس ہوا تھا کیونکہ میری پرفارمنس بہترین تھی، مجھے امید ہے کہ اس مرتبہ میں اعزاز پانے میں کامیاب ہوجائوں گا، میری پرفارمنس میں پورے سال تسلسل رہا،ایوارڈ کا جیتنا بھی کسی بھی کرکٹر کیلیے اعزاز ہوتا ہے، انھوں نے آنے والے دنوں میں سری لنکا سے یواے ای میں شیڈول سیریز کے بارے میں کہاکہ آئی لینڈرز سخت حریف ہیں اور میں ان کیخلاف بھی اچھا پرفارم کرنا چاہوں گا، انھوں نے کہا کہ میں جنوبی افریقہ کیخلاف حالیہ سیریز میں اپنی پرفارمنس سے مطمئن ہوں، ون ڈے میں فتح نہ صرف میرے بلکہ ہماری پوری ٹیم کیلیے حوصلہ افزا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ سری لنکا کیخلاف میرا ہدف اہم وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہوگا، میں سال کے اختتام تک بہترین بولر کا اعزاز اپنے نام رکھنا چاہتا ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں