ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی مذمت

دہشت گردی کے ذریعے حق اور سچ کو دبایا نہیں جاسکتا،زاہد حسین، حنیف طیب،مرزا یوسف حسین،معراج الہدیٰ و دیگر

صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے مستقل خطرے سے دوچار رہتے ہیں،سیاسی ومذہبی رہنما۔ فوٹو؛ جلال قریشی/فائل

KABUL:
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر پر حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک اسلامی پاکستان کے امیر حافظ سید زاہد حسین نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت کی راہ میں صحافیوں کی قربانیاں بے مثال ہیں، دہشت گردی کے ذریعے حق اور سچ کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا،انھوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمے داری ہے لیکن موجودہ حالات میں کسی کی بھی جان و مال محفوظ نہیں خصوصا صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی کے حوالے سے مستقل خطرے سے دوچار رہتے ہیں، انھوں نے ایکسپریس میڈیا گروپ سے اظہارِہمدردی کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ مجرموں کا جلداز جلد سراغ لگا کر انھیں قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی بیخ کنی ہوسکے،نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفتر پر حملے کی سخت مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمے داران کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں علامہ مرزا یوسف حسین ، علامہ اظہرحسین نقوی، سیدعلی اوسط، سہیل مرزا، صغیرعابد رضوی و دیگر نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفتر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔




انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوراً گرفتار کیا جائے انھوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ اس سلسلے میں فوری نوٹس لیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پشتون خواملی عوامی پارٹی آزادی صحافت کی علمبردار اور بلوچستان میں صحافت کی بانی ہے پارٹی روزنامہ ایکسپریس کراچی کے دفتر پر دہشت گردوں کے مسلح حملے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے صحافت، جمہوریت اور پارٹی پر حملہ قرار دیتی ہے، جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر پر حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر پر دوسری بار حملہ حکومتی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت صحافیوں اور صحافتی اداروں کو تحفظ دیکر ملک میں آزادی صحافت کو یقینی بنائے اور ایکسپریس گروپ پر حملے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے، پاسبان کے مرکزی صدر شفیع احمد اورکراچی کے صدر شمیم ناز نے ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایکسپریس نیوز کے دفتر پر حملہ کرنے والے عناصر کو تلاش کرکے گرفتار کرے ، پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ واقعہ نہ صرف آزادی صحافت پر حملہ ہے بلکہ کھلی دہشت گردی ہے۔
Load Next Story