کراچی میں حالیہ کلنگ فرقہ وارانہ نہیں وزیراعلیٰ سندھ ایکسپریس میڈیا گروپ پر حملے کی مذمت

ٹارگٹڈآپریشن سےمتاثرہ جرائم پیشہ عناصرتوجہ ہٹانےاورفرارکیلیےقتل کی وارداتیں کررہے ہیں،جلد گرفت میں ہونگے،قائم علی شاہ

کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں حالیہ قتل کی وارداتیں فرقہ وارانہ نہیں ہیں،ٹارگٹڈ آپریشن سے متاثرہ جرائم پیشہ عناصرآپریشن سے توجہ ہٹانے اورشہر سے فرارہونے کے لیے قتل کی وارداتیں کررہے ہیں۔

یہ عناصرجلدقانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں آجائیں گے،کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ غیرقانونی اسلحہ برآمد کرایاجائے،اس ضمن میں آرمزایکٹ کے تحت 5 خصوصی عدالتیں قائم کی جارہی ہیں،جوایک ہفتے میں غیرقانونی اسلحے کے مقدمات کا فیصلہ سنائیں گی،سندھ حکومت نے دہشت گردی میں معذورہونے والے اور متاثرہ افرادکی دیکھ بھال کے لیے ایک کروڑکے فنڈ سے بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔




وہ منگل کووزیراعلیٰ ہائوس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پروقارمہدی اورراشد ربانی بھی موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج میری ایک اہم شخصیت سے ملاقات ہوئی ہے ،اس شخصیت نے کراچی میں امن وامان سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا اور سندھ حکومت کی بھرپورمعاونت کا یقین دلایا ہے۔انھوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے معذوروں کے عالمی دن کے موقع پر فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندان کی دیکھ بھال کے لیے بورڈ تشکیل دیا جائے،بورڈ میں غیرسرکاری تنظیموں،سول سوسائٹی اور صحافتی اداروں سے وابستہ افرادکے نمائندے شامل ہوں گے ۔
Load Next Story