ملک میں کورونا کے 16 ہزار 473 مریض 361 جاں بحق

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے


ویب ڈیسک April 30, 2020
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8 ہزار 249 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے فوٹو: فائل

ملک میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار 473 ہوگئی ہے جب کہ اس وائرس سے 361 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 8 ہزار 249 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جب کہ 361 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار 473 ہوگئی۔

پنجاب میں سب سے زیادہ 6340، سندھ میں 6053، خیبر پختونخوا میں 2313، گلگت بلتستان میں 339، بلوچستان میں 1049، اسلام آباد میں 313 جب کہ آزاد کشمیر میں 66 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان مریضوں میں سے 4105 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

مزید 12 ہلاکتیں

این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 15 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جس کے بعد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 361 ہوگئی۔

8 ہیلتھ پروفیشنلز جاں بحق

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک جہاں 16 ہزار سے زائد افراد کورونا کا شکار ہوچکے ہیں وہیں 444 ہیلتھ پروفیشنلز میں بھی اس کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 8 پروفیشنلز جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ایک اور فضائی میزبان کورونا کا شکار

پی آئی اے کا ایک اورفلائٹ اسٹیورڈ (فضائی میزبان) صفدرعلی کورونا کی زد میں آگیا۔ صفدرعلی کا تعلق قومی ایئرلائن کے لاہوربیس سے ہے۔ صفدروطن واپس لانے والی پروازپرڈیوٹی پرمامورتھا جودودن قبل لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچا تھا۔

سندھ کو مزید سامان مل گیا

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ سیل نے صوبہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے لیے کورونا وائرس کا حفاظتی سامان بھجوادیا ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |