سی پی این ای کا ہنگامی اجلاس ایکسپریس سے اظہار یکجہتی میڈیا کنونشن بلانے کا اعلان

سیاسی جماعتوں،صحافتی و سماجی تنظیموں سے مل کر مربوط لائحہ عمل طے کیا جائے گا


Press Release December 04, 2013
ہنگامی اجلاس میں ایکسپریس سے مکمل اظہار یکجہتی، حملہ آوروں کی گرفتاری کا مطالبہ. فوٹو : محمد نعمان / ایکسپریس/فائل

KARACHI: کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز(سی پی این ای) نے ایکسپریس میڈیا ہاؤس پر ہینڈ گر ینیڈ پھینکنے اور بلاجواز فائرنگ کرکے عملے کو زخمی کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایکسپریس میڈیا گروپ کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔

سی پی این ای کے منگل کوکونسل کے سینئر نائب صدر الیاس شاکر کی زیر صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ سی پی این ای ایکسپریس گروپ کو دہشتگردی کا مسلسل نشانہ بنائے جانے پر ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ ایکسپریس میڈیا ہاؤس پر حملے کی مذمت کے لیے منعقدہ اجلاس میں میڈیا میں کام کرنے والے ایڈیٹرز،صحافیوں اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے میڈیا کنونشن کے انعقاد کا اعلان کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں، تمام صحافتی تنظیموں ،انسانی حقوق و سماجی تنظیموں،این جی اوز اور ممتاز شہریوں کو مدعو کیا جائے گا تاکہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے تحفط کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل تریب دیا جاسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ ،آئی جی پولیس اوردیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرکے ان کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کرائی جائے گی کہ آزادی صحافت کے دشمنوں،دہشتگردوں اور فاشسٹ عناصر کی جانب سے اخباری کارکنوں کو شدید خطرات لاحق ہیں اور ان کا کافی جانی و مالی نقصان ہوچکا ہے اور ان سے ایڈیٹرز،صحا فیوں اور میڈیا ہاؤسز کو منا سب سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا جائے گا۔



اجلاس میں ایکسپریس گروپ کے دفتر پر ہونے والے دونوں حملوں میں ملوث افراد کی فوری گرفتار کرکے انھیں کیفر کردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات کا تدارک کیا جاسکے۔سی پی این ای کے ہنگامی اجلاس سے جن ممتاز ایڈیٹروں نے اظہار خیال کیا ان میں کونسل کے سینئر نائب صدر الیاس شاکر(روزنامہ قومی اخبار)، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک(روزنامہ عوامی آواز)، جوائنٹ سیکریٹری مشتاق احمد قریشی(ماہنامہ نیا افق)، عامر محمود(ماہنامہ کرن)، غلام نبی چانڈیو(روزنامہ پاک)، نصیر ہاشمی(روزنامہ امت)، اویس اسلم علی (پی پی آئی نیوز) ،طاہر نجمی(روزنامہ ایکسپریس) ،کمال احمد صدیقی(روزنامہ ایکسپریس ٹریبیون)،جاوید مہر شمسی (روزنامہ کلیم)، مختار عاقل(روزنامہ جرا ٔت)، سعید خاور (روزنامہ نوائے وقت)، عبدالخالق ما رشل (آن لائن نیوز) ،عثمان عرب ساٹی(وطن میگ)، تقی علوی(روزنامہ میسنجر)، عارف بلوچ( روزنامہ بلوچستان ایکسپریس)، کامران رضوی (روزنامہ نوائے سندھ) اور زاہدہ عباسی (روزنامہ نواسج) شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں