لاک ڈاؤن ختم کرنے کی کوئی تجویز زیرغور نہیں سندھ حکومت

جمعہ کو دوپہر 12 سے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان


ویب ڈیسک April 30, 2020
فی الحال کاروباری طبقے کو آن لائن معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے، صوبائی وزیراطلاعات۔ فوٹو:فائل

سندھ بھر میں رمضان المبارک کے اختتام تک لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوگا، وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے واضح کیا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کے حوالے سے کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بعض عناصر کی جانب سے لاک ڈاون کے خاتمے کا جھوٹا پراپیگنڈا کیا جارہا ہے جس میں کوئی صداقت نہیں، فی الحال کاروباری طبقے کو آن لائن معاشی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے تاہم ایسا کوئی منصوبہ یا پلان زیر غور نہیں جس میں صوبے سے لاک ڈاؤن مکمل طور پر اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہو کیوں کہ ہمارے نزدیک عوام کی جانوں سے بڑھ کر کچھ اور نہیں ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ سارے ملک کے عوام بھگت رہے ہیں، اگر وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ہنگامی طور پر حفاظتی اقدامات نہ اٹھاتے تو آج صورت حال کچھ اور ہوتی، حکومت سندھ کے تیار کردہ ایس و پیز پر عمل در آمد کرنا ضروری ہے تاکہ انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ معاشی پہیہ بھی چلتا رہے۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر حکومت سندھ کے اقدامات کی کردار کشی کے بجائے اگر ہمارے ہاتھ مضبوط کیے جاتے تو یہ عمل نہ صرف اجتماعی طور پر مفید ثابت ہوتا بلکہ انفرادی سطح تک بھی اس عمل کے اثرات لازمی طور سے مرتب ہوتے۔

دریں اثنا ذرائع نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے اختتام تک بھی لاک ڈاؤن ختم نہیں کیا جائے گا صرف بتدریج کاروباری سرگرمیوں کی اجازت دی جاتی رہے گی اور آہستہ آہستہ پابندیاں کم کی جاتی رہیں گی۔

جمعہ کو دوپہر 12 سے تین بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

محکمہ داخلہ سندھ نے جمعہ کو دوپہر 12 بجے سے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ اس دوران پابندی سے مستشنی کاروبار، ٹرانسپورٹ بھی تین گھنٹوں کے لیے محدود رہے گا، تین گھنٹوں کے دوران تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں