آسٹریلیا نے 6 سینئرکرکٹرز کی چھٹی کردی

عثمان خواجہ، شان مارش اورہینڈکومب بھی مایوس کھلاڑیوں میں شامل


Sports Desk May 01, 2020
عثمان خواجہ، شان مارش اورہینڈکومب بھی مایوس کھلاڑیوں میں شامل۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے نئی کنٹریکٹ لسٹ سے آدھا درجن تجربہ کار کرکٹرز کی چھٹی کردی جب کہ عثمان خواجہ اور شان مارش بھی مایوس کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل نئی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ کا اعلان کردیا، جس میں آل راؤنڈر مچل مارش کی واپسی ہوئی تاہم بڑے بھائی شان مارش اور ٹاپ آرڈر بیٹسمین عثمان خواجہ جگہ نہیں بنا سکے، مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا، دیگر معاہدے نہ پانے والے پلیئرز میں پیٹرز ہینڈکومب، مارکس اسٹوئنس، ناتھن کولٹر نیل اور مارکس ہیرس موجود ہیں۔

آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ، انگلینڈ میں میچز سمیت مستقبل قریب کے شیڈول کو مدنظر رکھتے ہوئے سفید بال کی کرکٹ کے اسپیشلسٹس کو ترجیح دی ہے، حسب توقع مڈل آرڈر بیٹسمین مارنس لبوشین کا بھی انتخاب ہوا جبکہ فہرست میں شامل ہونے والے دیگر کھلاڑی جوئے برنز، ایشٹون ایگر، کین رچرڈسن اور میتھیو ویڈ ہیں۔

چیف سلیکٹر ٹریورہونز نے کہاکہ اسکواڈ میں گہرائی ہونے کی وجہ سے ہمیں مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ تیار کرنے میں آسانی ہوئی، مارنس نے حالیہ کچھ عرصے میں شاندار پرفارم کیا، جوئے برنز ایک بہترین ٹیسٹ پلیئر جبکہ ایگر کی ٹی 20 انٹرنیشنل فارم بے مثال ہے، اسی طرح کین رچرڈسن نے بھی ٹی 20 اور ون ڈے میں غیرمعمولی کھیل پیش کیا ہے۔

سینٹرل کنٹریکٹ پانے والے کھلاڑیوں میں ایشٹون ایگر، جوئے برنز، الیکس کیری، پیٹ کمنز، ایرون فنچ، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، لبوشین، ناتھن لیون، مچل مارش، گلین میکسویل، ٹم پین، جیمز پیٹنسن، جھے رچرڈسن، کین رچرڈسن، اسٹیون اسمتھ، مچل اسٹارک، میتھیو ویڈ، ڈیوڈ وارنر اور ایڈم زمپا موجود ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں