بلاول بھٹو اور سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ گرائیں شبلی فراز

بلاول اور سندھ حکومت سیاست کے بجائے صوبے میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کی طرف توجہ مرکوز کریں، وزیر اطلاعات

بلاول سیاست میں زندہ رہنے کےلئے قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو پارہ پارہ نہ کریں، شبلی فراز۔ فوٹو:فائل

وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور سندھ حکومت سیاست کے بجائے صوبے میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کی طرف توجہ مرکوز کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری کس منہ سے وفاق پر سوالات اٹھا رہے ہیں؟ جب کہ لاک ڈاؤن کرنے یا نہ کرنے میں سندھ حکومت مکمل طور پر آزاد تھی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بلاول بھٹو اور ان کے صوبائی وزراء کام کرنے کے بجائے لمبی لمبی پریس کانفرنسز کر رہے ہیں، انہیں چاہیے کہ سیاست کے بجائے صوبے میں کورونا وائرس کنٹرول کرنے کی طرف توجہ مرکوز کریں، چیئرمین پی پی پی اور سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ گرائیں، خود کو سیاست میں زندہ رکھنے کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی کی فضا کو پارہ پارہ نہ کریں۔


شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وفاق کی جانب سے سندھ کو کورونا پر قابوپانے کے لیے دی جانے والی امداد ان کی لاعلمی کا پول کھول رہی ہے، وفاق نے بجلی کے بلوں میں سندھ انڈسٹریل کے 45 ہزار جب کہ کمرشل کے 7 لاکھ 17 ہزار صارفین کو بل کی ادائیگی میں ریلیف دیا، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بھی بلوں کی ادائیگی میں یہی سہولت دی گئی، یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ کے عوام بھی مستفید ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ڈیفرڈ اسکیم کے تحت قرضوں کی قسطوں کی ادائیگی میں سہولت دی گئی ہے، یہ اسکیم سندھ میں بھی اپلائی ہوگی، 1.2 کھرب کا امدادی پیکیج سندھ سمیت تمام صوبوں میں تقسیم ہوگا، چھوٹے تاجروں اور کاروبار کرنے والے مالکان کو اپنے ورکرز کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سہولتی پیکیج دیا گیا ہے، احساس کیش ایمرجنسی پروگرام کے تحت اب تک 27 ارب روپے سندھ میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ سندھ حکومت کو وفاق کی جانب سے 504447 فیس ماسکس،290986 سرجیکل ماسکس،30142 این 95 ماسکس، 203840 کے این 95 ماسکس جبکہ 148334 حفاظتی سوٹس فراہم کیے گئے ہیں، فراہم کردہ سامان میں 77992 ٹیسٹنگ کٹس،200 تھرمل گنز،25000 وی ٹی ایم اور پی سی آر مشینیں شامل ہیں، سندھ حکومت کو کثیر تعداد میں ہینڈ سینیٹائزر، ہینڈ واش، سوپ کیمیکل سپریز، بائیو ہیزرڈ بیگز، سیفٹی باکسز اور باڈی بیگز فراہم کیے گئے ہیں۔
Load Next Story