غیرمعیاری اسلحہ کیس سابق آئی جی خیبر پختونخوا ملک نوید 10 روزہ ریمانڈ پرنیب کے حوالے

ملزم نے بندوقوں کی خریداری کا معاہدہ ایک کمپنی سے جبکہ پیشگی رقم دوسری کمپنی کو دی اس لئےمزید تفتیش ضروری ہے، وکیل نیب

سابق آئی جی خیبرپختونخوا ملک نوید پر ایک ارب 82 کروڑ روپے کے غیر معیاری اسلحہ خریدنے کا الزام ہے۔ فوٹو:فائل

احتساب عدالت نے غیرمعیاری اسلحہ کیس میں سابق آئی جی خیبرپختونخوا ملک نوید 10 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

پشاور کی احتساب عدالت کے جج ولایت علی گنڈاپور نے غیر معیاری اسلحے کی خریداری سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس موقع پرنیب کی جانب سے سابق آئی جی خیبر پختونخوا ملک نوید کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے ملزم کے 14 روزہ ریمانڈ کی درخواست کی، ملزم کے وکیل بیرسٹر ظہورالحق نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے خلاف 4 سال سے مقدمہ چل رہا ہے اور نیب اس کی تفتیش مکمل کرچکی ہے جبکہ ان کے موکل دل کے مریض ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق ان کے ساتھ کوئی بھی طبی مسئلہ پیش آسکتا ہے، ایسی صورت حال میں نیب کی جانب سے ریمانڈ حاصل کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔


وکیل صفائی کے استدلال پر نیب کے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے بندوقوں کی خریداری کا معاہدہ ایک کمپنی سے جبکہ پیشگی رقم دوسری کمپنی کو دی اس لئے ان سے مزید تفتیش ضروری ہے اور قانون کے مطابق ملزم کو 90 دن تک حراست میں رکھا جاسکتا ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سابق آئی جی پولیس ملک نوید کو 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ سابق آئی جی خیبرپختونخوا ملک نوید پر ایک ارب 82 کروڑ روپے کے غیر معیاری اسلحہ خریدنے کا الزام ہے۔
Load Next Story