کورونا پر تحقیق پاکستانی ماہرین نے نئی دوا کے ’امیدوار‘ کیمیکلز کی نشاندہی کردی

پنجوانی سینٹر کے محققین نے حالیہ تحقیق میں ایسے ناول ڈرگ کینڈیڈیٹس کی نشاندہی کی جو کوروناوائرس کے خلاف موثر ہیں


Staff Reporter May 04, 2020
تحقیق کوجرنل آف بائیومولیکیولراسٹرکچراینڈڈائنامکس نے شایع کردیا،خالد عراقی،عطاالرحمن اوراقبال چوہدری کی مبارکباد۔ فوٹو : فائل

ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ، کراچی یونیورسٹی کے نوجوان محققین نے اپنی حالیہ تحقیق میں ایسی نئی امیدوار دواؤں (ناول ڈرگ کینڈیڈیٹس) کی نشاندہی کی ہے جو کورونا وائرس کے خلاف ممکنہ طور پر مؤثر ثابت ہوسکتی ہیں۔ حال ہی میں بین الاقوامی جریدے میں شائع اس تحقیق کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ہوئی ہے۔

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق نوجوان محققین نے ڈاکٹر ظہیر الحق قاسمی اور ڈاکٹر ریاض الدین کی زیرنگرانی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر میں موجود جدید کمپیوٹیشنل ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس تحقیق میں ناول ڈرگ کینڈیڈیٹس کی نشاندہی کی ہے۔ اس تحقیق کا آغاز سال رواں کے مہینے فروری میں ہوا تھا جسے معروف بین الاقوامی مجلّے ''جرنل آف بایومالیکیولر اسٹرکچر اینڈ ڈائنامکس'' نے حال ہی میں شائع کیا ہے۔ اس تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کے مقابل ''ایف ڈی اے'' سے منظورشدہ تین ادویہ یعنی ریمڈیسور، سیکوی نیئر اور ڈارونئیر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ دو قدرتی مرکبات کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا کے علاج کے حوالے سے ''ریمڈیسور'' کے تحقیقی نتائج زیادہ موثر آئے ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، وزیراعظم پاکستان کی قائم کردہ ٹاسک فورس برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے چیئرمین اور سرپرست اعلیٰ بین الاقوامی مرکز پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمن، اور کامسٹیک کے کوآرڈی نیٹر جنرل اور آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر کے سائنسدانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اسے نہ صرف جامعہ کراچی بلکہ پوری قوم کےلیے اعزاز قرار دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں