ملک میں کورونا کے 548 نئے کیس سامنے آگئے مزید 28 افراد جاں بحق

کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 49 تک جا پہنچی اور ہلاکتیں 514 ہوگئیں

کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 49 تک جا پہنچی اور 514 افراد جاں بحق ہوچکے ۔ فوٹو : فائل

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 22 ہزار 49 تک جا پہنچی جب کہ 514 افراد جاں بحق ہوچکے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 9857 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ 548 افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوگئی۔ مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 22 ہزار 49 ہوگئی ہے جن میں سے اب تک 5 ہزار 801 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ 8133 جب کہ سندھ میں 8189 مریض ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 3499، گلگت میں 372، بلوچستان میں 1321، اسلام آباد میں 464 جب کہ آزاد کشمیر میں 71 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

مزید 28 افراد جاں بحق

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کا شکار مزید 28 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 514 ہوگئی ہے۔ سندھ میں 148، پنجاب میں 144، خیبر پختونخوا میں 194، اسلام آباد 4، بلوچستان 21 اورگلگت بلتستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

وینٹی لیٹرخالی ہونے کے باوجودڈاکٹر فرقان کی جان نہیں بچائی گئی

کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے سرکاری و نجی اسپتالوں میں آئی سی یو، بستروں اور وینٹی لیٹرز میسر ہونے کے باوجود معروف ڈاکٹر فرقان الحق کی جان نہیں بچائی جاسکی۔


مرحوم ڈاکٹر فاروق کی بیوہ کا کہنا ہے کہ وہ انہیں انڈس، آغا خان اور ایس آئی یو ٹی ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال میں داخل کرانے کی کوشش کرتی رہیں لیکن کسی اسپتال میں انہیں جگہ نہیں ملی اور اسی دوران وہ وفات پاگئے۔

فنکاروں کی مالی معاونت کافیصلہ

پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث مالی مشکلات کے شکار فنکاروں کی مالی معاونت کافیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کے پیکیج کی منظوری دے دی جس کے تحت پنجاب حکومت 3 ہزار فنکاروں کی مالی معاونت کرے گی، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت نے مستحق فنکاروں کے لیے مالی امداد کا پیکیج تیار کر لیا۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔
Load Next Story