آئی بی اے کراچی نے کورونا کے سبب ترمیم شدہ داخلہ پالیسی جاری کردی

ایک ماہ میں یہ طے کرلیں گے کہ داخلہ ٹیسٹ لیں گے یا اس کے بغیر ہی انٹرویو کی بنیاد پر ہی داخلے دیے جائیں گے، آئی بی اے


Safdar Rizvi May 06, 2020
ایک ماہ میں یہ طے کرلیں گے کہ داخلہ ٹیسٹ لیں گے یا اس کے بغیر ہی انٹرویو کی بنیاد پر ہی داخلے دیے جائیں گے، آئی بی اے ۔ فوٹو : فائل

آئی بی اے (انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن)کراچی نے COVID19 کے چیلنجز کے سبب اپنے نئے تعلیمی سیشن کی داخلہ پالیسی ترمیم کے ساتھ جاری کردی ہے۔

داخلہ پالیسی میں بتایا گیا ہے کہ آئی بی اے کراچی اس غیر روایتی وقت میں آنے والے طلبہ کی آسانی کے لیے اپنی داخلہ پالیسی میں بڑی تبدیلی کررہا ہے اور اگر کورونا اور لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال کے سبب داخلہ ٹیسٹ منعقد نہیں ہوسکے تو ایسی صورت میں آئی بی اے ٹیسٹ کے بغیر محض انٹرویو کی بنیاد پر داخلوں کا طریقہ کار طے کررہا ہے ایسی صورت میں شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز کیے جائیں گے۔

"ایکسپریس" نے آئی بی اے کے قائم مقام ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید غنی سے داخلہ ٹیسٹ کے حوالے سے دریافت کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک ماہ میں یہ طے کرلیں گے کہ داخلہ ٹیسٹ لیں گے یا اس کے بغیر ہی انٹرویو کی بنیاد پر ہی داخلے دیے جائیں گے۔

آئی بی اے نے اپنی داخلہ پالیسی کے حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ آئی بی اے کراچی اے لیول کی سالانہ امتحانات کی بنیاد پر یا کیمبرج کی جانب سے بتائی گئی گریڈنگ کو تسلیم کرے گا جن طلبہ کے اے لیول یا انٹرمیڈیٹ کے نتائج تاخیر کا شکار ہوں آئی بی اے ان طلبہ کو عبوری یا مشروط داخلے دینے پر کام کررہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں