بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی شہادت پر مقبوضہ کشمیرمیں احتجاج

کرفیو کے باوجود بپھرے نوجوان بھارت مخالف احتجاج کےلیے سڑکوں پر نکلے اور بھارتی فوج کی گاڑیاں نذر آتش کر دیں


ویب ڈیسک May 08, 2020
احتجاج کے دوران فضا آزادی کے نعروں سے گونجتی رہی۔ فوٹو، کشمیرمیڈیا سروس

بھارتی فوج کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر کے نوجوان ریاض نائیکو کی شہادت پر وادی میں شدید احتجاج کیا گیا جس میں شریک ایک نوجوان کشمیری بھارتی اہل کاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کرفیو کے باوجود بپھرے نوجوان بھارت مخالف احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکلے اور بھارتی فوج کی گاڑیاں نذر آتش کر دیں۔ کشمیری نوجوانوں نے فوجی جیپوں کو گھیر لیا جس کے بعد قابض فوج کے اہل کار جانیں بچا کر بھاگ نکلے۔ احتجاج کے دوران فضا آزادی کے نعروں سے گونجتی رہی۔

یہ بھی پڑھیے: قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید

احتجاج کے دوران ضلع پلوامہ میں ایک نوجوان بھارتی فوج کی فائرنگ کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگیا۔ علاوہ ازیں کئی علاقوں میں بھارتی افواج اور مظاہرین کے مابین تصادم بھی ہوا۔ بھارتی اہل کاروں نے مظاہرین پر گولیاں اور چھرے برسائے جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان کی مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں میں شہریوں کو شہید کرنے کی مذمت

دوسری جانب ریاض نائیکو کی تعزیت کے لیے ان کے گاؤں میں لگایا گیا شامیانہ بھی اکھاڑ پھینکا گیا اور گاؤں کے رہائشیوں کو شہید کا اہل خانہ سے تعزیت کرنے سے بھی روک دیا گیا۔ واضح رہے کہ ریاض نائیکو کے جنازے میں بڑی تعداد کی شرکت کے خوف سے قابض بھارتی فوج نے ریاض نائیکو سمیت دیگر شہدا کے جسد خاکی ان کے لواحقین حوالے کرنے کے بجائے خفیہ طور پر بھارتی فوج کے زیر انتظام قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی تھی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت مخالف مظاہرے اور احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔