پولیس افسران اصلی اور نقلی اسلحے کو پہچاننے سے قاصر

تفتیشی افسران کی جانب سے جانچ کے لیے لیبارٹری بھیجا گیا اسلحہ بچوں کا کھلونا پستول اور سگریٹ جلانے کا لائٹر نکلا


Staff Reporter December 05, 2013
تفتیشی افسران کی جانب سے تجزیہ کے لیے فارنسک ڈویژن کو کھلونا پستول یا ناکارہ اسلحہ بھیجے جانے کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں. اے ایف پی / فائل

شہر میں بڑھتی ہوئی لا قانونیت اور دہشت گردی کے سبب آپریشنل پولیس کے ساتھ ساتھ تفتیشی افسران بھی بوکلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔

تفتیشی افسران جان کے خوف اور کارکردگی دکھانے کیلیے اعلیٰ افسران کی جانب سے اس قدر دباؤکا شکار ہیں کہ اصلی اور نقلی اسلحے کی پہچان تک بھول گئے،اس بات کا انکشاف فارنسک ماہرین نے مقامی ہوٹل میں فارنسک سائنس آگاہی ورکشاپ کے آخری روز ایک سیشن کے دوران کیا، فارنسک ماہرین نے تفتیشی پولیس افسران کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ بعض مرتبہ ایسے بھی واقعات رونما ہو چکے ہیں کہ جب تفتیشی افسران کی جانب سے فارنسک لیبارٹری بھیجے جانے والے اسلحے کی جانچ کی گئی تو اسلحہ بچوں کا کھلونا پستول اور سگریٹ جلانے کا لائٹر نکلا، تفتیشی افسران نے نقلی اسلحے کے ساتھ گولیاں بھی بھیجی تھیں ، فارنسک ماہرین نے بتایا کہ ایک مرتبہ تفتیشی افسر کی جانب سے ایک خنجر بھی بھیجا گیا اور فارنسک لیبارٹری سے پوچھا گیا کہ بتایا جائے کہ یہ خنجر پہلے کن کن وارداتوں میں استعمال ہوچکا ہے، فارنسک ڈویژن کے پاس خنجر کی جانچ کی سہولت موجود نہیں ہے۔

انھوں نے بتایا کہ تفتیشی افسران کی جانب سے کیس پراپرٹی کئی کئی روز کی تاخیر کے بعد بھیجی جاتی ہے جس سے ملزمان کو فائدہ پہنچ سکتا ہے ، دوسری جانب پولیس ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ تفتیشی افسران کی جانب سے تجزیہ کے لیے فارنسک ڈویژن کو کھلونا پستول یا ناکارہ اسلحہ بھیجے جانے کے واقعات لمحہ فکریہ ہیں جن پولیس افسران کو اصلی اور نقلی اسلحہ کی پہچان نہیں وہ بڑھتی ہوئی لا قانونیت اور دہشت گردی کا مقابلہ کیسے کرسکتے ہیں،انھوں نے بتایا کہ یہاں یہ بات انتہائی اہم ہے کہ جب پولیس کسی ملزم کو اسلحہ سمیت پکڑتی ہے یا گرفتار کرتی ہے تو سب سے پہلے ملزم کے قبضے سے ملنے والے اسلحہ کو چیک کیا جاتا ہے کہ برآمد کیا جانے والا اسلحہ کونسا ہے ، اصلی ہے یا نقلی ہے اور اصلی ہے تو درست حالت میں ہے اور اس کے بعد مقدمہ درج کر کے ملزم کو تفتیشی پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے اور تفتیشی پولیس ملزم سے تفتیش شروع کرتی ہے۔



یہ تفتیش کئی کئی روز جاری رہتی ہے اس دوران ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والا اسلحہ کئی مراحل سے گزرتا ہوا جانچ کے لیے فارنسک لیبارٹری بھجوایا جاتا ہے اور اس کے بعد بھی اس طرح کا واقعہ پیش آنا پولیس کی کار کردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، فارنسک سائنس آگاہی ورکشاپ کے آخری روز ایسٹ زون کے تفتیشی افسران اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو مدعو کیا گیا تھا ، ورکشاپ کے دوران تجاویز کے سیشن میں تفتیشی پولیس افسران کا کہنا تھا کہ آپریشنل اور انویسٹی گیشن پولیس کے درمیان رابطے میں کمی آگئی ہے جس کی وجہ سے براہ راست تفتیش متاثر ہو رہی ہے اور وہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر آپریشنل اور انویسٹی گیشن پولیس کے درمیان رابطے کو مکمل بحال کیاجائے ۔

ایک تفتیشی افسر نے اپنی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے ہر چیز کی جانچ کے لیے الگ الگ برانچ قائم کردی گئی ہے جس کے باعث بھی تفتیش متاثر ہورہی ہے اگر تفتیشی افسران کو ون ونڈو آپریشن جس میں ملزمان کرمنل ریکارڈ ، فارنسک لیبارٹری کی سہولت ، موبائل ڈیٹا کی سہولت سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں تو تفتیش بر وقت اور اچھی ہوسکتی ہے، ایک تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ان کے تھانے کی حدود میں کوئی واقعہ رو نما ہو جاتا ہے تو آپریشنل پولیس انہیں وقت پر اطلاع نہیں کرتی ہے جس کی وجہ سے تمام شواہد اکٹھا نہیں ہو پاتے، ایک تفتیشی افسر نے بتایا کہ تمام انویسٹی گیشن افسران کو اس بات کا سختی سے پابند بنایا جائے کہ واقعے کے بعد فوری جائے وقوعہ سے ملنے والی شواہد کو تجزیے کے لیے فارنسک لیبارٹری بھجوایا جائے،ورکشاپ کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پری پوسٹ بلاسٹ کے حوالے سے بھی ایک ورکشاپ منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |