دنیا میں کورونا کے متاثرین 40 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ گئے 2 لاکھ 79 ہزارہلاکتیں

عالمی ادارہ صحت نے 2021 سے قبل ویکسین کو خارج از امکان قرار دے دیا، روس میں وائرس تیزی سے پھیلنے لگا


ویب ڈیسک May 10, 2020
کئی ملکوں میں وبا پر قابو پانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہورہی ہیں۔ فوٹو، اے پی

دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 40 لاکھ 77 ہزار سے زائد ہو گئی اور 2 لاکھ 79 ہزار43 مریض لقمہ اجل بن گئے جب کہ وبا سے متاثرہ 14 لاکھ 17 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوورونا وائرس کے آگے دنیا بے بس ہوگئی ہے اور کئی ملکوں میں وبا پر قابو پانے کی تمام کوششیں بے سود ثابت ہورہی ہیں۔ روس میں ایک ہی دن میں کورونا کے 11 ہزار کے قریب مزید نئے کیس سامنے آ گئے اور مریضوں کی مجموعی تعداد دو لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

جنوبی کوریا میں بھی وبا کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے دارالحکومت سئیول میں کلب اور ریسٹورنٹس بند کر دئیے گئے۔برطانوی حکومت نے بھی مزید حفاظتی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بیرون ملک سے آنے والوں کو14 دن تک قرنطینہ کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ مسافروں کو پرائیویٹ ہاؤسز اور ریسٹ ہاوسز میں رکھا جائے گا۔ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک ہزار پاونڈ جرمانہ بھی کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس سے دنیا میں نفرت اور مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ ہوا، اقوام متحدہ

فرانس میں پرواز پر سوار ہونے سے قبل مسافروں کا درجہ حرارت چیک کیاجائے گا۔۔ بخارمیں مبتلامسافروں کوجہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ادھر چین نے شمالی کوریا میں کوروناوائرس کے پھیلاءو کا خدشہ ظاہر کرتےہوئے مدد کی پیش کش کی ہے۔

2021 سے پہلے ویکسین ممکن نہیں، عالمی ادارہ صحت

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ 2021 کے خاتمے سے قبل کورونا وائرس کی ویکسین متعارف ہونے کا امکان نظر نہیں آتا۔ عالمی ادارہ صحت کے سینیئر رکن ڈیل فشر نے کہا ہے کہ اگرچہ کئی ممالک میں کورونا وائرس کی ویکسین آزمائش کے مرحلے میں داخل ہوگئی ہے تاہم 2021 کے اختتام سے قبل ویکسین نہیں بن پائے گی۔

افغانستان میں خوراک کی تقسیم پر احتجاج میں 6 اموات

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے مغربی صوبے غور میں کورونا وائرس وبا کے دوران خوراک کی تقسیم کے دوران مشتعل افراد کے احتجاج میں دو پولیس اہل کاروں اور 4 شہریوں سمیت 6 جانیں چلی گئیں۔ غور سے سے منتخب ہونے والے قانون ساز گل زمان نائب کا کہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں من پسند افراد کو امداد کی تقسیم پر احتجاج کا آغاز ہوا۔
امیر شہر میں بھی کھانے کے لیے ایک کلو میٹر طویل قطار

کورونا وائرس وبا کے باعث دنیا میں سنگین ہونے والے معاشی بحران سے امیر ممالک بھی متاثر ہونے لگے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والے سوئٹزرلینڈ کے امیر ترین شہر جینیوا میں ہفتے کے روز خوراک کی تقیسم کی گئی جسے حاصل کرنے کے لیے ایک ہزار افراد نے صبح 5 بجے سے ہی قطاریں لگانا شروع کردی۔ یہ قطار ایک کلو میٹر طویل تھی۔
امریکا میں بے روزگاری کی شرح25 فی صد ہونے کا خدشہ

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست ہائے متحدہ امریکا میں بے روزگاری کی شرح 14اعشاریہ 7 فی صد ہوچکی ہے ۔ یہ شرح 1939 میں آنے والے معاشی بحران کے، جسے گریٹ ڈپریشن کہا جاتا ہے، کی سطح پر آگئی ہے۔ لیبر ڈپارٹمنٹ کے بیان کردہ اعداد شمار اس سے بھی زیادہ سنگین تصویر پیش کرتے ہیں۔

محکمے کے مطابق ملک میں بے روزگاری کی شرح 23 اعشاریہ 6 فیصد ہے جو کساد بازاری کے دوران 25 فی صدر رہی تھی اور خدشہ ہے کہ آئندہ چند ماہ میں یہ شرح 25 فیصد ہوجائے گی۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے مزید مالیاتی معاونت فراہم کرنے میں 'جلدی' سے کام نہیں لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں