دنیا کے تمام اہم فورمز پر بھارتی عزائم بے نقاب کرچکے شاہ محمود قریشی

بھارت فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے، بلوچستان میں شرپسندوں کی بھارتی پشت پناہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں

بھارت فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے، بلوچستان میں شرپسندوں کی بھارتی پشت پناہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں - فوٹو: فائل

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کے تمام اہم فورمز پر بھارت کے عزائم بے نقاب کر چکے، بھارت فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے ، بلوچستان میں شرپسندوں کی بھارتی پشت پناہی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بلوچستان میں بیرونی مداخلت کو روکنے اور بے نقاب کرنے کیلیے ہمیں ایک مرتبہ پھر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔

ہفتہ کو بھارتی عزائم کے حوالے سے اہم بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سیکورٹی کونسل، اقوام متحدہ، پی 5 کے نمائندگان کو وقتاً فوقتاً بھارتی منفی عزائم کے حوالے سے مفصل بریف کر چکے ہیں۔بھارت پاکستان پر دراندازی کرنے اور کشمیر میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے بے بنیاد الزامات لگا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ دراصل بھارت، فالس فلیگ آپریشن کے بہانے تلاش کر رہا ہے۔کشمیر میں اس وقت جو صورتحال ہے وہ بھارت کی اپنی پیداکردہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ نو ماہ سے نہتے کشمیری بھارتی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں۔


دنیا یہ توقع کر رہی تھی کہ شاید کرونا کی وجہ سے ہندوستان کے رویے میں تبدیلی آئے گی مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔اب ہندوستان میں مقبوضہ کشمیر کے اندر ایک پرامن تحریک جنم لے چکی ہے وہ لوگ جو پہلے بھارت کے ساتھ حکومت میں شامل تھے آج دوسری جانب کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلوچستان میں شرپسند اور امن مخالف گروہوں کی بھارتی پشت پناہی آج کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ایک دن کھلے عام میڈیا پر پاکستان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں اور اگلے روز بلوچستان میں ہمارے سیکورٹی فورسز کے نوجوان شہید کیے جاتے ہیں۔بلوچستان میں پائی جانے والی بیرونی مداخلت کو روکنے کیلیے اور ان ہاتھوں کو بے نقاب کرنے کیلیے ہمیں ایک مرتبہ پھر اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا۔
Load Next Story