پنجاب میں کورونا مریضوں کی ہوم آئیسولیشن خصوصی کمیٹیوں کی اجازت سے مشروط

کورونا کی ہلکی علامات کا حامل مریض ہی ہوم قرنطینہ کا اہل ہوگا، نوٹی فکیشن


ویب ڈیسک May 10, 2020
ہوم آئیسولیشن کیلئے خصوصی ہوم آئیسولیشن کمیٹی بنے گی ،نوٹی فکیشن فوٹو: فائل

حکومت پنجاب نے کورونا کے مریضوں کی ہوم آئیسولیشن کیلئے قواعد و ضوابط جاری کردئیے ہیں جس کے تحت کسی بھی مریض کو گھر میں قرنطینہ اختیار کرنے کی اجازت خصوصی ضلعی کمیٹی دے گی۔

پرائمری اینڈ سیکنڈری صحت پنجاب کے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ہوم آئیسولیشن کے لئے ضلعی سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ، متعلقہ ضلع کا ڈپٹی کمشنر اس کمیٹی کے ارکان نامزد کرے گا، کمیٹی کی سربراہی اسسٹنٹ کمشنر کرے گا جب کہ کمیٹی میں محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار شامل ہوں گے، اس کے علاوہ شہری اور دیہی یونین کونسل کی سطح پر بھی ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی کسی بھی مریض کی ہوم آئیسولیشن کے لئے گھر کے حجم اور اس کے اہلخانہ کی تعداد کی جانچ کے بعد اجازت دے گی، جس مریض میں کورونا کی ہلکی علامات ہوں گی وہی ہوم قرنطینہ کا اہل ہوگا، زیادہ خراب حالت کے مریض کو ہوم قرنطینہ کی اجازت نہیں ہوگی، کسی مریض کو ہوم آئیسو لیشن کی اجازت دینے سے پہلے اس کے اور دیگر اہلخانہ کی تعلیم، کورونا کے بارے میں آگہی اور ہوم آئیسولیشن کی بنیادی ضروریات کے بارے علم کو بھی پرکھا جائے گا۔

ضابطہ کار کے تحت ہوم آئیسولیشن میں مریض روزانہ اپنی صحت کے متعلق اپڈیٹس محکمہ صحت کو بھجوانے کا پابند ہوگا ، اس کے علاوہ مریض طے کردہ طریقہ کار کے تحت محکمہ صحت کی ہدایت کے مطابق اپنے ٹیسٹ بھی کرواتا رہے گا، کورونا کو مریض کو ہوم آئیسولیشن کے دوران ہر دس دن بعد اپنا ٹیسٹ کروانا ہوگا، 2 بار ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے پر مریض ہوم آئیسولیشن ختم کرسکے گا، دو بار منفی ٹیسٹ کرانے میں درمیانی مدت چوبیس گھنٹے ہونی چاہیے۔ ہوم آئیسولیشن کے دوران اگر دوسری بار بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تو دوبارہ ٹیسٹ اگلے پانچ دن بعد کروانا ہوگا، ٹیسٹ کیلئے محکمہ صحت کا عملہ گھر سے سیمپل لے گا۔ جن علاقوں میں ٹیسٹنگ سہولت میسر نہیں وہاں مریض کورونا کی علامات ختم ہونے کے بعد بھی مزید دو ہفتے کیلئے خود کو آئیسولیٹ رکھے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں