لاک ڈاؤن میں نرمی کراچی سمیت مختلف شہروں میں کاروباری سرگرمیاں بحال

زیادہ تر دکان داروں نے دکانیں صبح 8 بجے ہی کھول دیں


ویب ڈیسک May 11, 2020
کاروبارصبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے ، محکمہ داخلہ سندھ فوٹوفائل

حکومتی اجازت کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کاروبار بحال ہوگیا۔

کراچی کی لائٹ ہاؤس مارکیٹ کے دکانداروں نے بیشتر دکانیں صبح 8 بجے ہی کھول دیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے قوائد و ضوابط جاری ہونے کے بعد کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔ کاروبارصبح 8 سے شام 4 بجے تک کھلیں گے۔ تاہم دکان پرآنے والے گاہکوں میں سماجی فاصلہ رکھنا دکاندارکی ذمہ داری ہوگی۔

چیئرمین آل سٹی تاجر اتحاد حکیم شاہ کا کہنا ہے سندھ حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے کاروبار کھولنے کی اجازت دی، بازار میں حکومتی ایس او پی کا ہر صورت خیال رکھا جائے گا، خریداروں سے گزارش کرتے ہیں کے ہمارے ساتھ تعاون کریں، بغیر ماسک کے کسی خریدار کو دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی دوری کو تاجر یقینی بنائیں گے، قومی مفاد میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کو تسلیم کیا۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں بھی جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کا آج پہلا دن ہے۔ تقریباً 50 روز کے بعد آج سے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں کاروبار کھل گئے ہیں۔ شہر میں تمام کاروبار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا تاہم بڑے پلازے اور شاپنگ مالز بدستور بند رہیں گے۔

سرکاری و نجی تعلیمی ادارے، سینما گھر، پبلک ٹرانسپورٹ، تفریحی مقامات، شادی ہالز بھی مسلسل بند رہیں گے اس کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات، کھیلوں اور ڈبل سواری پر پابندی برقرار رہے گی، آٹو رکشہ اور موٹر سائیکل رکشہ چلیں گے۔

حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق ہفتے میں 4 دن پیر سے جمعرات تک کاروبار کھلے گا جب کہ ہفتے کے باقی 3 ایام جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو جزوی لاک ڈاؤن ہوا کرے گا۔ جزوی لاک ڈاؤن کے دوران بھی کریانہ اسٹورز، دودھ دہی و گوشت کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔ لاہور میں جزوی لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہر کی سڑکوں پر ٹریفک میں اضافہ اور پولیس ناکوں میں کمی کردی گئی۔

حکومت پنجاب نے کاروبار کھولنے کے لئے ایس او پیز جاری کر دیئے ہیں جس کے تحت کاروبار کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ضروری ہو گا، خلاف ورزی کی صورت میں 2 سے 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والی دکانوں اور مارکیٹوں کو بند کر دیا جائے گا۔ دکانداروں اور گاہکوں کے لئے ماسک پہننا اور ہاتھ دھونا یا سینیٹائزر استعمال کرنا لازمی ہوگا۔ دکاندار اور مارکیٹ انتظامیہ گاہکوں میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے ذمہ دار ہوں گے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و اہلکار دکانوں اور مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔

کوئٹہ میں بھی کاروباری مراکز کھل گئے۔ جیولری، نائی، درزی سمیت جوتوں کی دکانوں پر شہریوں کی جانب سے خریداری کا سلسلہ جاری ہے۔ جب کہ دکاندار لیاقت بازار سمیت جناح روڈ، عبدالستار روڈ و دیگر شاپنگ مالز میں ایس او پیز پر عملدر آمد کرتے دکھائی دیئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔