بیرون ملک سے واپس آنے والوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم

وطن واپس آنیوالوں کا فوری کورونا ٹیسٹ ہوگا، گھروں میں ہی قرنطینہ کیا جائے گا

وطن واپس آنیوالوں کا فوری کورونا ٹیسٹ ہوگا، گھروں میں ہی قرنطینہ کیا جائے گا

وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے واپس آنے والے پاکستانیوں کیلئے 48 گھنٹے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے صوبوں کی مشاورت سےبیرون ملک سے آنیوالوں کیلئے پالیسی میں تبدیلی کی ہے، بیرون ملک سے وطن واپس آنیوالوں کا فوری ٹیسٹ ہوگا اور ٹیسٹ کیلئے48گھنٹےانتظار کی شرط ختم کی جارہی ہے، ٹیسٹ کے نتیجے کے بعد طبی ماہرین فیصلہ کرینگے کہ کون گھر جائیگا اور کون نہیں۔


معاون خصوصی معیدیوسف نے کہا کہ اب تک بیرون ملک سے آنے والوں کو کورونا ٹیسٹنگ سے قبل 48 گھنٹہ قرنطینہ میں رکھا جاتا تھا، لیکن اب یہ شرط ختم کرکے بیرون ملک سے آنے والوں کا ٹیسٹ جلدازجلد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اب مسافروں کو اڑتالیس گھنٹے ٹیسٹ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، صوبوں کو 24 گھنٹے میں ٹیسٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

معیدیوسف نے بتایا کہ جن مسافروں کا کورونا ٹیسٹ منفی ہو انکے لیے لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ کی شرط ختم کردی گئی، منفی رپورٹ کی صورت میں مسافر اپنے گھر میں ہی 14 دن کے لیے خود کو قرنطینہ کرسکیں گے، اگر ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگر مسافر کی حالت خراب نہیں اور علامات بھی ظاہر نہیں، جبکہ ان کے بارے میں بھی اگر ماہرین کی رائے یہ ہوئی کہ انھیں گھر پر رکھا جا سکتا ہے، تو ایسے لوگوں کو بھی گھروں میں ہی قرنطینہ کیاجائے گا۔

معیدیوسف نے مزید کہا کہ اگر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہوا اور علامات بھی زیادہ شدید ہوں تو لازمی سرکاری یا ہوٹل قرنطینہ میں جانا ہوگا۔
Load Next Story