جونیئر ورلڈکپ سے قبل پاکستان کے حوصلے بُلند وارم اپ میچ میں فتح

ملائیشیا کے خلاف عمیر اوردلبر نے ایک، ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی


Sports Reporter December 05, 2013
کھلاڑی نئی دہلی کے ماحول سے ایڈجسٹ ہو گئے، ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔کوچ۔فوٹو:فائل

جونیئر ہاکی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کے حوصلے بلند ہو گئے، ٹیم نے وارم اپ میچ میں ملائیشیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد2-0 سے زیرکر لیا۔

نئی دہلی ہاکی اسٹیڈیم میں دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر گول کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا،اس کوشش میں گرین شرٹس اس وقت کامیاب ہو گئے جب محمد عمیر نے پہلے ہاف کے13ویں منٹ میں فیلڈ گول کردیا،اس کے بعد ملائیشین سائیڈ خسارہ ختم کرنے کی کوششوں میں تیزی لائی اور پاکستانی گول پوسٹ پرپے درپے حملے کیے لیکن دفاعی لائن سیسہ پلائی دیوار بنی رہی اور حریف سائیڈ کے تمام حملوں کو ناکام بنا دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک گرین شرٹس کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، وقفے کے بعد ٹیم نے زیادہ بہتر کھیل پیش کیا اورحریف کو ہر شعبے میں آئوٹ کلاس کیے رکھا، 42 ویں منٹ میں محمد دلبر نے فیلڈ گول کرکے سبقت مستحکم کردی جو فائنل وسل تک برقرار رہی۔ دریں اثنا چیف کوچ منظور الحسن کا کہنا ہے کہ کھلاڑی نئی دہلی کے ماحول سے ایڈجسٹ ہو گئے، ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔



نمائندہ ''ایکسپریس'' سے فون پر بات چیت میں انھوں نے کہا کہ میجر دھیان سنگھ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کو بھر پور ٹریننگ کرائی جا رہی ہے، ملائیشیا کے خلاف وارم اپ میچ سے پریکٹس کا موقع ملا اور اس کا فائدہ ورلڈ کپ میں ہوگا، سابق قومی کپتان نے کہا کہ ملائیشیا کے خلاف میچ کی خاص بات کھلاڑیوں کا فیلڈ گول کرنا ہے، میگا ایونٹ کے دوران ہماری حکمت عملی ہو گی کہ کھلاڑی نہ صرف پنالٹی کارنر بلکہ فیلڈ گول بھی بنائیں، یاد رہے کہ مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ جمعے سے بھارت میں شروع ہوگا جس میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ پاکستانی ٹیم 6 دسمبر کو مصر کیخلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں