کورونا اور لاک ڈاﺅن کے ستائے عوام کو رمضان میں بدستور مہنگائی کا سامنا

رمضان کے دوران مرغی کا گوشت 120 روپے تک مہنگا، پھل، سبزیاں اور اجناس کی بھی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری


Business Reporter May 12, 2020
رمضان کے دوران مرغی کا گوشت 120 روپے تک مہنگا، پھل، سبزیاں اور اجناس کی بھی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری (فوٹو : فائل)

کورونا کی وبا اور لاک ڈاﺅن کی مشکلات کے ستائے صارفین کو رمضان میں بھی مصنوعی مہنگائی سے نجات نہ مل سکی، پولٹری مافیا نے مرغی کی بڑھتی ہوئی طلب کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرغی کے گوشت کی قیمت میں من مانا اضافہ کردیا۔

کراچی میں مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے کلو سے تجاوز کرگئی، مختلف علاقوں میں مرغی کا گوشت 320 سے 340 روپے کلو فروخت ہونے لگا جب کہ رمضان سے قبل مرغی کا گوشت 220 روپے کلو فروخت ہورہا تھا۔ اس طرح رمضان کے دوران ہی مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں 100 سے 120 روپے کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

کمشنر کراچی کی پرائس لسٹ میں مرغی کے گوشت کی قیمت 214 روپے کلو درج ہے جبکہ زندہ مرغی کا نرخ 138 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے تاہم زندہ مرغی 170 روپے کلو فروخت ہورہی ہے سرکاری نرخ کے مقابلےمیں مرغی کا گوشت 126 روپے کلو تک زائد قیمتوں پر فروخت ہورہا ہے۔

صارفین کے مطابق مرغی کی دکانوں پرپرائس لسٹ بھی آویزاں نہیں ہے سرکاری نرخ پر اصرار کرنے پر مرغی فروش کہتے ہیں کہ سرکاری نرخ پر کمشنر ہاﺅس سے ہی اشیاء مل سکتی ہیں۔

صارفین کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نمائشی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ان نمائشی کارروائیوں کے اعداد و شمار جاری کردیے جاتے ہیں جبکہ بازاروں میں مہنگائی کا جن پوری طرح بے قابو ہوچکا ہے۔ مرغی کے گوشت کے ساتھ پھل سبزیاں اجناس بھی من مانی قیمتوں پر فروخت کی جارہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں