کورونا وائرس کا دنیا سے ختم ہونے کا امکان نہیں عالمی ادارہ صحت

انسان کو اس مہلک وائرس کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا، ڈبلیو ایچ او


ویب ڈیسک May 14, 2020
اب تک ایچ آئی وی کا خاتمہ نہیں ہوسکا کہ کورونا کی وبا بھی آگئی، ڈبلیو ایچ او ( فوٹو : اے ایف پی )

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے کا امکان نہیں اس لیے دنیا کو اس مہلک وائرس کے ساتھ ہی جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ڈائریکٹر برائے ہنگامی حالات مائیکل ریان نے ورچوئل پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ کورونا وائرس کے دنیا سے ختم ہوجانے کا امکان ناپید ہوگیا ہے، اب ہمیں اس وائرس کے ساتھ ہی زندگی بسر کرنے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا اور آگہی و احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس کی ہلاکت خیزی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

مائیکل ریان نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا سے اب تک ایچ آئی وی کا خاتمہ نہیں ہوسکا ہے اور اب ایک اور جان لیوا وائرس کی وبا کا سامنا ہے اور یہ بھی دنیا سے ختم ہوتا نظر نہیں آرہا ہے۔ وائرس کو سنجیدگی سے لیا جائے اور لاک ڈاؤن میں نرمی میں جلد بازی نہ کی جائے۔

عالمی ادارہ صحت کے شعبہ ہنگامی حالات کے ڈائریکٹر مائیکل ریان نے موثر اور کم قیمت ویکسین کی جلد از جلد تیاری کے لیے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوا کی دستیابی سے قبل حالات کا معمول پر آنا ناممکن نظر آتا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ کے قریب جا پہنچی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں