بھارت میں مسلمانوں کی گرفتاری امریکا کا اظہار تشویش

یہ تشویش بڑھ گئی کہ مودی انتظامیہ بھارتی سیکولر روایات پامال کررہی ہے، ناقدین


Express Tribune Report May 15, 2020
احتجاج کے جمہوری حق پر عمل کرنے والوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے، امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی۔ فوٹو: فائل

امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) نے جمعرات کو تشویشناک خبروں کے ساتھ نوٹ کیا کہ بھارتی حکومت کوویڈ 19 بحران کے دوران مسلم کارکنوں کو گرفتار کررہی ہے،جنھوں نے متنازع شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے خلاف احتجاج کیا۔

یو ایس سی آئی آر ایف نے ٹویٹ میں کہا ، "اس وقت ، بھارت کو ضمیر کے قیدیوں کو رہا کرنا چاہیے اور احتجاج کے جمہوری حق پر عمل کرنے والوں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔"اس میں خاص طور پر حاملہ کارکن صفورا زرگر کی گرفتاری کا ذکر کیا گیا جو سی اے اے کے متعلق فروری میں دہلی میں ہونے والے فرقہ وارانہ تشدد کے سلسلے میں گرفتار ہوئی تھی۔

27 سالہ زرگر کو10 اپریل کو گرفتار کیا گیا، اس پر غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ ، 2019 ء (یو اے پی اے) کے تحت الزام عائدکیاگیا، گرفتاری کے وقت وہ تین ماہ کی حاملہ تھی۔زرگر دہلی کی جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں ریسرچ فیلو اور جامعہ کوآرڈینیشن کمیٹی (جے سی سی) کی میڈیا کوآرڈینیٹر تھی، جس نے حکومت کے ذریعہ گذشتہ سال دسمبر میں منظور کیے گئے شہریت کے قانون کے خلاف ہفتوں کے احتجاج کا اہتمام کیا تھا۔

دوسرے ٹویٹ میں ، یو ایس سی آئی آر ایف نے نوٹ کیا 2020 ء کے لیے سالانہ رپورٹ میں ، کمیشن نے سفارش کی تھی کہ بھارت کو 2019 کے دوران "منظم ، جاری ، اور مذہبی آزادی کی بے حد خلاف ورزیوں" کے لیے خاص طور پر تشویشناک ملک نامزد کیا جائے۔امریکی ایجنسی نے کہا ، "بدقسمتی سے ، یہ منفی رجحان 2020 ء میں بھی جاری ہے۔

امریکی وزیر خارجہ کے عہدے کا استعمال 1998 ء کے امریکی بین الاقوامی مذہبی آزادی قانون (IRFA) کے تحت ایسی قوم کے خلاف استعمال کیا جاتا ہے جو خاص طور پر مذہبی آزادی کی شدید خلاف ورزیوں کے مرتکب ہو۔اس پینل نے گذشتہ ماہ نوٹ کیا تھا کہ 2004 ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب بھارت کو مذہبی آزادی کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی جارہی تھی۔

اس رپورٹ میں خاص طور پر نئے شہریت کے قانون کے نفاذ پر تنقید کی گئی ، جو پڑوسی مسلم اکثریتی ممالک سے تعلق رکھنے والے غیر مسلموں کیلئے شہریت حاصل کرنے کے لیے راہ آسان بناتا ہے۔ سی اے اے کی منظوری کے بعد وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف ملک بھرمیں ہونے والے کئی ہفتوں کے پر تشدد مظاہروں میں78 افراد ہلاک ہوگئے تھے،جن میں بڑی تعداد دہلی میں ہندوؤں اور مسلمانوں کی مابین جھڑپوں کی بھینٹ چڑھی۔

ناقدین کا کہنا ہے یہ قانون مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرتا ہے اور اس سے یہ تشویش بڑھ گئی ہے کہ مودی کی انتظامیہ بھارتی سیکولر روایات پامال کررہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |