ڈپارٹمنٹل مقابلوں کی واپسی پر اصولی اتفاق ہوگیا

کرکٹ کمیٹی تجاویز طلب کرنے کے بعد سفارشات بورڈ کو دے گی


Sports Reporter May 15, 2020
کرکٹ کمیٹی تجاویز طلب کرنے کے بعد سفارشات بورڈ کو دے گی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی کرکٹ کمیٹی نے ڈپارٹمنٹل مقابلوں کی واپسی پر اصولی اتفاق کرلیا، اداروں سے تجاویز طلب کرنے کے بعد سفارشات پی سی بی کو پیش کردی جائیں گی۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ڈپارٹمنٹس کی شرکت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اصولی اتفاق کیا گیا ہے کہ اداروں سے تجاویز طلب کرنے کے بعد کمیٹی نان فرسٹ کلاس ایونٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات مرتب کرے گی جو مزید غور کیلیے پی سی بی حکام کو بھجوائی جائیں گی، اجلاس میں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز اور ہائی پرفارمنس سینٹرکے کوچز کی تعیناتی اورطریقہ کار پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

چیئرمین کرکٹ کمیٹی نے کوچز کی کارکردگی جانچنے کیلیے قواعد و ضوابط تیارکرنے کی خاطر ایک ذیلی کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے، یہ کمیٹی ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

کرکٹ کمیٹی کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کی تقرری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا، یہ عہدہ سنبھالنے والے ندیم خان نے خصوصی درخواست پر اجلاس میں شرکت بھی کی، کرکٹ کمیٹی کو قومی ٹیم کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست، ویمنز کرکٹ اور ڈومیسٹک مقابلوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

سربراہ اقبال قاسم کا کہنا ہے کہ سہ ماہی اجلاس کا مقصد متعلقہ شعبوں کے امور پر تبادلہ خیال اور اس حوالے سے اراکین کی رائے جاننا تھا۔ انھوں نے کہا کہ نئے سیزن میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی شمولیت کے حوالے سے کام جاری ہے جس پر کمیٹی جلد اپنی سفارشات تیار کرکے انتظامیہ کو بھجوا دے گی۔

اقبال قاسم نے کہا کہ کرکٹ کمیٹی نے مجموعی طور پرسینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ایمرجنگ پلیئرز کیٹیگری اور ڈومیسٹک میں مجوزہ ایلیٹ کیٹیگری کی تشکیل نے کمیٹی کو متاثر کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں