سوشل میڈیا پر غیر قانونی شکار کی تشہیر کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں شکارکئے گئے جانوروں کی تصاویر اور ویڈیوز کی مانیٹرنگ کرکے کارروائی کی جائے گی

غیر قانونی شکاریوں کی حوصلہ شکنی کیلئے پولیس اور ایف آئی اے سے بھی مدد لی جائے گی فوٹو: فائل

TEHRAN:
پنجاب وائلڈلائف نے تحفط شدہ پرندوں کا غیرقانونی شکارکرکے ان کی تصاویراورویڈیوز سوشل میڈیا پرشیئرکرنیوالوں کیخلاف کارروائی کے لئے علیحدہ سیل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب وائلڈلائف کے اعزازی گیم وارڈن بدرمنیرنے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بعض لوگ جانوروں اورپرندوں کو شکار کرکے ان کی تصاویر اورویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئرکرتے ہیں۔ ایسے جانوراورپرندے جن کو وائلڈلائف ایکٹ کے تحت تحفظ حاصل ہے ان کا غیرقانونی شکار اورپھرتصاویر،ویڈیوزشیئرکرنے والوں کیخلاف اب آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائیگا، ان کا یہ اقدام پنجاب وائلڈ لائف کے لئے ایک چیلنج ہے کہ وہ لوگ ناصرف غیرقانونی شکارکرتے ہیں بلکہ پھراس کی تشہیربھی کرتے ہیں۔

بدرمنیر نے بتایا کہ اس حوالے سے ہم ایک الگ سیل بنا رہے ہیں جس میں آٗئی ٹی کے ایکسپرٹس نوجوان تعینات کئے جائیں گے ، یہ سیل سوشل میڈیا پرمانیٹرنگ کریگا اور شکار کئے گئے جانوروں اورپرندوں کی تصاویر ویڈیوز شیئر کرنیوالوں کی تفصیلات جمع کرے گا، اس حوالے سے ایف آئی اے سے بھی معاونت لی جائے گی۔ مانیٹرنگ سیل سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرکے ان پر آویزاں غیر قانونی شکاریوں کی تصاویر متعلقہ علاقوں کے محکمہ کے انچارج افسران کو بھیجے گا جو ان شواہد کی بنیادپر مکمل تحقیقات کے بعد غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کریں گے ۔


بدرمنیر کہا کہ سوشل میڈیا پر متحرک غیر قانونی شکاریوں کی حوصلہ شکنی کیلئے محکمہ پولیس اور ایف آئی اے کے سائبر کرائم یونٹس سے بھی مدد لی جائے گی۔ تمام ریجنل افسران پر واضح کردیا گیا ہے کہ غیر قانونی شکار کی روک تھام اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا ئیں اور شکار کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر بعض اوقات کئی نامور شکاریوں کی طرف سے بھی شکارکئے گئے جانوروں اورپرندوں کی تصاویراور ویڈیوز شیئر کی جاتی ہیں ، اس بارے بدرمنیر نے کہا کہ ٹرافی ہنٹنگ اور شوٹنگ مقابلوں کے دوران اگر کوئی شکاری قانونی طریقے سے شکار کئے گئے جانوروں او رپرندوں کی تصاویر اورویڈیوز شیئرکرتا ہے تو اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی کیونکہ قانونی ہنٹنگ ایک کھیل کی مانند ہے۔اوراس کھیل میں کارکردگی دکھانے والا اپنی تشہیر کرسکتا ہے۔

اس سے قبل 2017 میں بھی سوشل میڈیا پرغیرقانونی شکارکی تصاویر اور ویڈیوز شیئرکرنے والوں کیخلاف کارروائی کے لئے ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی ، اس کمیٹی نے متعددکارروائیاں کیں لیکن وائلڈ لائف ذرائع کے مطابق کسی بھی ملزم کو سزانہیں ہوسکی تھی، معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ کی تصاویر بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی اوران کیخلاف چالان بھی کاٹا گیا مگر یہ ثابت نہیں ہوسکا تھا کہ جن جانوروں کے ساتھ رابی پیرزادہ نے تصاویر شیئر کی ہیں وہ ان کی ملکیت ہیں۔
Load Next Story