میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے اپنی معطلی ہائی کورٹ میں چیلنج کردی

مجھ پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے اور میرے خلاف کارروائی غیر قانونی ہے، درخواست میں موقف


ویب ڈیسک May 18, 2020
شیخ انصرعزیز پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈے میں مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں فوٹو: فائل

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے وزارت داخلہ کی جانب سے 90 روز کی معطلی ہائی کورٹ میں چیلنج کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مئیر اسلام آباد شیخ انصر نے وزارت داخلہ کے 90 روز کی معطلی کے نوٹی فکیشن کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی، اپنے وکیل قاضی عادل کے ذریعے دائر درخواست میں وفاق، وزارت داخلہ ، چیئرمین لوکل گورنمنٹ کمیشن اور لوکل گورنمنٹ کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان پر کرپشن کے بے بنیاد الزامات عائد کئے گئے اور ان کے خلاف کی گئی کارروائی غیر قانونی ہے۔ عدالت فریقین کو ہدایت کرے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں اور کام کرنے دیا جائے،17 مئی 2020 کا وزارت داخلہ کا نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیا جائے،درخواست پر فیصلے تک نوٹی فکیشن معطل کر کے بطور میئر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ شیخ انصرعزیز پر انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈے میں مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں، سابق میئر کے خلاف ایم سی آئی کی چیف میٹروپولیٹن آفیسر سیدہ شفق ہاشمی نے ریفرنس پیش کیا تھا، ریفرنس پر شفاف تحقیقات کے لیے لوکل گورنمنٹ کمیشن اسلام آباد نے میئر کو معطل کرنے کی سفارش کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔