شیخ رشید کا ملک بھر میں 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلانے کا اعلان

اگر حالات سازگار رہتے ہیں تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردیں گے، شیخ رشید


ویب ڈیسک May 18, 2020
شہری وبا سے بچنے کے لیے لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ کا ورد کریں، شیخ رشید (فوٹو : فائل)

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل در آمد کی شرط کے ساتھ 20 مئی سے ملک بھر میں 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلائی جائیں گی اور حالات سازگار رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردیں گے۔ ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے۔ ایس او پیز پر عمل در آمد کے حوالے سے کل تمام اسٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔ ٹرینوں میں سواری آدھی کردی گئی ہے اور کرایہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے عوام سے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسافر ریلوے اسٹیشن آئیں اور ماسک لگا کر آئیں اور شہری ہروقت لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ کا ورد جاری رکھیں۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کیخلاف کارروائی کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نہ تو حکومت کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے اور نہ ہی نیب آرڈیننس میں ترمیم ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ اگر ترمیم آئی تو مخالفت کروں گا۔ حکومت چلتی رہے، گی چلتی رہے گی، البتہ جس نے ملک لوٹا وہ سارے اندر ہوں گے۔ 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں 24 مارچ کو ٹرین سروس بند کردی گئی تھیں جس کے باعث شہروں سے دور دراز علاقوں میں اپنے گھروں کو جانے کے لیے مسافروں کو پریشانی کا سامنا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں