کورونا نے پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شاہین رضا کی جان لے لی

شاہین رضا کو طبیعت بگڑنے پر لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئیں

شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی۔


ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں ، اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا کا شکار کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔
Load Next Story