کراچی بیرونی ورکرز کیلیے ایشیا کا سب سے سستا شہر

اسلام آباد دوسرے نمبر پر رہا، کراکس دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے، سروے رپورٹ


Business Desk December 06, 2013
اسلام آباد دوسرے نمبر پر رہا، کراکس دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے، سروے رپورٹ فوٹو: فائل

بیرونی کمپنیوں کے غیرملکی عملے کے لیے ایشیا میں ٹوکیو بدستور سب سے مہنگا اور کراچی سب سے سستا شہر ہے جبکہ وینزویلا کا شہر کراکس دنیا کا سب سے مہنگا ہے۔

کنسلٹنگ فرم ای سی اے انٹرنیشنل کے تازہ ترین سروے کے مطابق ایشیا میں اب بیجنگ مہنگے شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے جو گزشتہ سال 5ویں نمبر پر تھا، مہنگے ترین ایشیائی شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جاپانی شہر ناگویا، چوتھے پر شنگھائی، پانچویں پر یوکوہاما، چھٹے پر سیؤل اور ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر بالترتیب اوساکا، ہانگ کانگ، سنگاپور اور گوانگوزو شامل ہیں جبکہ ایشیا میں سب سے سستا شہر کراچی اور اس کے بعد اسلام آباد کا نمبر آتاہے۔



مہنگے ترین 50 ایشیائی شہروں کی فہرست میں ڈھاکا 29 ویں، رنگون 31ویں، نئی دہلی 38 ویں، کولمبو40ویں، ممبئی 41، بنگلور 43، چنائی44، پونا45، کٹھمنڈو46، کولکتہ47 اور حیدرآباد کا نمبر48 ہے جبکہ اسلام آباد49 اور کراچی کا نمبر آخری یعنی50واں ہے۔ ای سی اے انٹرنیشنل کے مطابق کثیرقومی کمپنیاں اپنے بین الاقوامی آسائمنٹس کے لیے اسٹاف کی تعیناتی کرتے وقت انھیں کاسٹ آف لیونگ الاؤنس دیتی ہیں تاکہ ملازمین کی قوت خریداری پر وہاں کے معیار زندگی کی لاگت کا اثر نہ پڑے، کثیر قومی کمپنیوں کو سہولت کی فراہمی کے لیے ہی ای سی اے انٹرنیشنل یہ سروے کرتی ہے جس میں 440 شہروں میں کنزیومر گڈز اور خدمات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ ای سی اے انٹرنیشنل کے مطابق کراکس دنیا کا سب سے مہنگا شہر ہے جبکہ انگولا کا شہر لوانڈا دوسرے، ناروے کا اوسلو تیسرے اور جنوبی سوڈان کاجوبا چوتھے نمبر پر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں