نوابشاہ گھریلو ناچاقی پر شوہر نے جواں سال بیوی اور ساس کو قتل کر دیا

ملزم گرفتار،25 سالہ عبیدہ روٹھ کر میکے آئی تھی، آصف نے زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی مزاحمت پر چھریاں مار دیں

دونوں کی ایک سال قبل پسند کی شادی ہوئی تھی، آصف نشے کا عادی اور بیوی پر تشدد کرتا تھا، رشتے داروں کا الزام

ظالم شوہر نے اپنی بیوی اور خوشدامن کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔

ملزم کو اہل محلہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بی سیکشن تھانے کی حدود دھوبی گھاٹ اولڈ نوابشاہ میں ناراض ہو کر میکے آنے والی25 سالہ عبیدہ کو اس کے شوہر آصف نے زبردستی گھر واپس لے جانے کی کوشش کی، مزاحمت پر ملزم نے چھریوں کے وار کر کے عبیدہ اور اس کو بچانے کیلیے آنیوالی اپنی ساس کو قتل کر دیا، دُہرے قتل کے بعد ملزم نے فرار ہونیکی کوشش کی تو اہل محلہ نے اسے آلہ قتل سمیت پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے لاشیں تحویل میں لے کر پی ایم سی اسپتال منتقل کر دیں، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔




رشتے داروں کے مطابق ملزم آصف اور مقتولہ عبیدہ کی ایک سال قبل ہی پسند کی شادی ہوئی تھی لیکن آصف نشے کا عادی اور بیوی پر تشدد کرتا تھا، جس سے تنگ آ کر وہ اپنے والدین کے گھر آ گئی تھی، جمعرات کی دوپہر آصف سسرال آیا اور بیوی کو زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر چھری کے وار کر کے عبیدہ کو قتل کر دیا۔ اس موقع پر مقتولہ کی والدہ بانو نے بیٹی کو بچانے کی کوشش کی جس پر ملزم نے اُسے بھی قتل کردیا۔ ملزم آصف کار پینٹر کا کام کرتا ہے۔ پولیس نے دُہرے قتل کا تاحال مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔
Load Next Story