مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازِ عید ادا کرنے کی اجازت دے دی گئی

وبا کے باعث عائد کی گئی پابندیاں برقرار رہیں گی ، حرمین میں نماز عید کے محدود اجتماعات ہوں گے، شیخ عبدالرحمن السدیس

حرمین میں ہونے والے نماز عید کے اجتماعات میں عام شہریوں کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی، شیخ عبدالرحمن السدیس۔ فوٹو، فائل

سعودی فرماں روا نے حرمین شریفین میں نماز عید کی ادائیگی کی منظوری دے دی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے فرماں روا سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نمازِ عید ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے تاہم عید کے یہ اجتماعات محدود ہوں گے اور ان میں عام افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ حرمین شریفین کی خصوصی نگران کونسل کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے بھی فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وبا سے روک تھام کے پیش نظر عائد کی گئی پابندیاں برقرار رہیں گی تاہم دونوں مساجد میں نمازِ عید کے محدود اجتماعات کی اجازت دی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے سبب سعودی عرب میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، مساجد میں نماز عید بھی نہیں ہوگی۔ صرف امام مسجد لائوڈ سپیکر پر تکبیرات پڑھیں گے۔ عوام سے گھر میں ہی نماز پڑھنے کی اپیل کی گئی ہے۔


یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف نہ ہوسکا

واضح رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک یمن،کویت، عراق، بحرین، عمان، قطر، اردن میں بھی آج اتوارکو عیدالفطر منائی جائیگی۔

بھارت اور بنگلہ دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے بتایا کہ چاند کی رویت کی شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اور بھارت میں عیدالفطر 25 مئی کو منائی جائیگی۔ بنگلہ دیشں میں بھی عید الفطر پیرکو منائی جائے گی۔
Load Next Story