حکومت صحافیوں کے تحفظ کیلیے فورس بنائےکے یو جے

ایگزیکٹوکونسل کی ایکسپریس کے دفاتر پرحملے کی مذمت،ملزم گرفتارکیے جائیں


Staff Reporter December 06, 2013
2010 کی جنرل ممبر شپ لسٹ کے یوجے کے نوٹس بورڈ پر7دسمبر بروزہفتہ آویزاں کی جائے گی۔فوٹو:فائل

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے تمام میڈیا ہاؤسز اورصحافیوں کے تحفظ کیلیے خصوصی فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 17 دسمبر کو پی ایف یو جے کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا،کے یوجے کی ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس صدر جی ایم جمالی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں ایکسپریس میڈیا گروپ کے دفاتر پر بم حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور ملوث عناصرکی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا،جنرل سیکریٹری واجد رضا اصفہانی نے انتظامیہ پر زور دیا کہ متواتر 2 حملوں کے بعد ملازمین کے تحفظ کیلیے ضروری اقدامات کیے جائیں انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسزکے تحفظ کیلیے خصوصی فورس تشکیل دی جائے، اجلاس میں کے یوجے کے ارکان کی ہیلتھ انشورنس کا فیصلہ کیا گیا جس کیلیے فارم 9 دسمبر بروز پیر سے کے یوجے کے دفترسے جاری کیے جائیں گے، اجلاس میں کے یوجے کے فلیٹس کے معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، صدر کے یو جے جی ایم جمالی نے بتایا کہ بلڈر نے نقشوں کی تیاری مکمل کرکے ممبران کی فہرست طلب کی ہے۔



اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ2010 کی جنرل ممبر شپ لسٹ کے یوجے کے نوٹس بورڈ پر7دسمبر بروزہفتہ آویزاں کی جائے گی جن ممبران کے نام فہرست میں نہیں وہ آفس اسسٹنٹ محمد عبید سے رابطہ کریں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلیٹس منصوبے میں 2010 سے جاں بحق اور انتقال کرجانے والے تمام ممبران کی بیواؤں کو فلیٹس دیے جائیں گے جبکہ آزادی صحافت کے لیے خدمات انجام دینے والے صحافیوں منہاج برنا، نثارعثمانی اور کوڑے کھانے والے4 ہیروز خاور نعیم ہاشمی، ناصر زیدی ، اقبال جعفری اور مسعود اللہ خان کو بھی خصوصی طور پر فلیٹس دینے کا فیصلہ کیا گیا، قبل ازیں اجلاس میں کے یو جے کے ممبر سالک جعفری پی ایف یوجے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف اورکے یوجے کے ممبر ایگزیکٹوکونسل ملک آفتاب حسین کے ماموں کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں