20 روز کے دوران سندھ میں کورونا کے شکار بچوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ

10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 788 ہو گئی جو 2 مئی کو 253 تھی، ترجمان سندھ حکومت


Staff Reporter/ May 24, 2020
2 مئی تک سندھ میں کورونا سے متاثرہ معصوم بچوں کی تعداد 253 تھی فوٹو: فائل

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ 20 روز کے دوران صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا۔

کورونا وبا سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ صوبے میں 10 برس تک کے کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد بڑھ کر 788 ہو گئی، 2 مئی تک سندھ میں کورونا سے متاثرہ معصوم بچوں کی تعداد 253 تھی محض 20 روز میں اس تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا جو پریشان کن ہے، ان بچوں کو کسی اور نے نہیں بلکہ ہم نے خود کورونا سے متاثر کیا ہے ہم اپنے گھروں سے باہر جاکر کورونا اپنے گھروں میں لے کر آئے اور اپنے معصوم بچوں کو اس وباء کا شکار کردیا۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم حکومت کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں، حکومتی پابندیاں ہمارے بہتر مستقبل کے لئے ہیں، پابندیوں کا اطلاق حکومتی ارکان سمیت ہر شہری پر ہوتا ہے، خدارا یہ نہ سمجھیں کہ احتیاطی تدابیر صرف عام عوام کے لئے ہیں ہم سب کو ایک دوسرے کا احساس کرنا ہے، ہمیں ہر حال میں فیزیکل فاصلے اور گھروں پر قیام کو ترجیح دینا ہوگی۔ ہم بہت زیادہ کوتاہیاں کررہے ہیں، خدارا حکومتی ایس او پیز پر 100 فیصد عملدرآمد کریں تاکہ اس وبا سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے کیونکہ ہم بار بار قوم کو آگاہ کررہے ہیں کہ کورونا وبا کا دنیا میں کوئی علاج دریافت نہیں ہوا صرف احتیاط کرنا ہے۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ بہت دیر ہوجائے اور بعد میں پچھتاوا ہو ہمیں اپنے بچوں سمیت قوم کے تمام معماروں کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنا ہے کورونا وباء ایک خطرناک حقیقت ہے لاپرواہی برتنے والے اس سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ آئیے مل کر اس وباء سے خود، اپنے شہر، صوبے اور ملک کو محفوظ رکھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں