ڈرون حملے بند ہونے چاہئیں شدید مہنگائی سے لوگ بلبلا رہے ہیں صدر ممنون

کرپشن نے حالات اتنے خراب کردیے کہ اس سے زیادہ خرابی ممکن نہیں،ڈروں کامسئلہ سفارتی سطح پرحل کرناچاہیے نہ کہ سڑکوں پر


Khusosi Report December 06, 2013
حکومت کی کارکردگی سے مطمن ہوں، فوج اتنی کمزور نہیں کہ کراچی کے حالات پرکنٹرول نہ کرسکے ،مدیران سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

LONDON: صدر مملکت ممنون حسین نے اس امرکا اعتراف کیاہے کہ ملک میں شدید مہنگائی ہوچکی ہے اورلوگ بلبلارہے ہیں تاہم حکومت اپنے طورپرعوامی مسائل کوحل کرنے کے لیے انتہائی خلوص اوردیانتداری سے کام کررہی ہے۔

اخبارات کے ایڈیٹرز کے اعزازمیں دیے گئے ظہرانے میں صدرمملکت نے مختلف موضوعات پربڑے کھلے انداز میں بات کی، انھوں نے کہاکہ پاکستان کے حالات کرپشن اورکرپٹ لوگوں نے اس قدرخراب کر دیے ہیں کہ ان کوبہترکرنے کے لیے صبراورتدبرسے کام لیناہوگا،پاکستان کاسنہری دورضرورآئے گاکیونکہ اس سے زیادہ خرابی ممکن نہیں ہے،ہم اب بہتری کی طرف گامزن ہونگے، ڈرون حملوںکے بارے میںصدرنے واضح کہا کہ یہ غلط ہیں اوران کوبندہوناچاہیے، تاہم ان کاخیال تھاکہ اس مسئلے کوسفارتی سطح پرتدبرسے حل کرناچاہیے نہ کہ سڑکوں پر، کراچی کی صورتحال کے بارے میںصدرمملکت کاکہناتھا حالات پہلے سے بہت بہتر ہوئے ہیں اورانھیںقوی یقین ہے کہ کراچی میںمکمل امن قائم ہوگا، انھوں نے کہاکہ جب برائی کے خاتمے کی کوشش کی جاتی ہے توجرائم پیشہ افرادجتھہ بندی کر لیتے ہیں،حالیہ تشدد کی لہراس بات کی عکاس ہے،انھوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہتاکہ کراچی میںاس قسم کاتشدد آئندہ دیکھنے کونہیں ملے گا لیکن جس خلوص نیت سے وفاقی اورصوبائی حکومت اورسیکیورٹی ادارے کام کررہے ہیں کراچی بہتری کی طرف گامزن ہے۔



ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے ایک بیان پرتبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قومی قیادت کومایوسی پھیلانے والے بیان نہیں دینا چاہئیں،انھوں نے کہاکہ پاکستان اللہ کی نعمت ہے اورہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے، ہم سب کوملکراس کو شاد اور آباد کرنا ہے، تمام شعبہ ہائے زندگی کواپنے حصے کاکردار اداکرناہے اور اپنے اندرموجودکرپٹ عناصراورکرپشن کوختم کرناہے،معاشرتی مسائل کے حل پرتوجہ دینے کے ایک سوال پر صدر نے کہا کہ وہ سیاست سے مکمل طور پر دستبردار ہوچکے ہیں اوران کا اپنا فوکس معاشرتی مسائل،خصوصاً تعلیم کے فروغ اورپولیوکے خاتمے جیسے مسائل پرہے،وہ تعلیم کے شعبہ میںکافی کام کررہے ہیں تاہم پولیو کے خاتمے کیلئے انکی خواہش ہے کہ ایک جامع حکمت عملی تشکیل دی جائے تاکہ ملک سے اس کامکمل خاتمہ ہوسکے۔

کرکٹ کے سرپرست اعلیٰ نہ رہنے کے بارے میں ایک سوال پرانھوں نے کہاکہ اچھاہے میں سرپرست اعلیٰ نہیںہوں جب سے پاکستان کرکٹ میں آصف، سلمان بٹ اورعامرکااسپاٹ فکسنگ کا واقعہ ہواہے میرادل بہت کھٹاہوچکاہے ویسے بھی بورڈکے حالات اورکرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہت خراب ہوچکی ہے۔ صدر ممنون نے کہاکہ کرپشن،میڈیا سمیت تمام شعبوں میں موجودہے جس کے خاتمے کے لیے ہرسطح پرخوداحتسابی کاعمل وقت کی اہم ضرورت ہے۔کراچی میںامن وامان کے قیام کے لیے حکومت نے مؤثراقدامات کیے ہیں انھوں نے کہاکہ فوج اتنی کمزورنہیںہے کہ کراچی کے حالات پرکنٹرول نہ کرسکے ۔ فوج اورملک کے بارے میں منفی باتیں نہیںہونی چاہیں۔صدرنے کہا کہ اس وقت حکومت تمام شعبوں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے بجلی بحران پرقلیل مدت میںقابو پانے پر حکومت کی کارکردگی سے میں مطمئن ہوں ایوان صدرکے دروازے ہرایک کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔