لاپتہ افراد کے لواحقین آج سے پارلیمنٹ کے باہر کیمپ لگائینگے

نوازشریف وزیراعظم بننے کے بعد خاموش ہیں، سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے ، آمنہ مسعود


Numainda Express December 06, 2013
احتجاج کرنیوالے خواجہ آصف کے جواب نہ دینے پر بپھرگئے، وزیردفاع اور لواحقین میں تلخ کلامی ۔فوٹو: آئی این پی/فائل

KHANEWAL: لاپتہ افرادکی بازیابی کیلیے ڈیفنس آف ہیومن رائٹس ودیگر تنظیموں نے آج (جمعے) سے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان کیا ہے ۔

آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ کیمپ میں ملک بھر سے لاپتہ افرادکے لواحقین شرکت کرینگے، انتخابات سے قبل نواز شریف نے ہمارے احتجاجی کیمپ میں آکر کہا تھا کہ وہ لاپتہ افراد کے لواحقین کا درد محسوس کرتے ہیں، ان لوگوںکا اغوا غیر قانونی ہے اور ذمے داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن آج وہ وزیراعظم بننے کے بعد خاموش ہیں۔ آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ ہمیں ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے انصاف اور دادرسی کی مکمل امید ہے لیکن بار بار عدالتوں کے دروازے نہیں کھٹکھٹا سکتے۔



انھوں نے کہا حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی، نئے چیف جسٹس اپنا کردار ادا کریں ۔جمعرات کو وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سپریم کورٹ کے باہر موجود لاپتہ افرادکے لواحقین سے تلخ کلامی بھی ہوئی، سماعت کے دوران وقفہ ہونے پر جب خواجہ آصف عدالت سے باہر آئے تو وہاں موجود لاپتہ افرادکے لواحقین سے ان کی تلخ کلامی ہوگئی، لواحقین کا کہنا تھا کہ حکومت لیت و لعل سے کام لے رہی ہے اور ہماری کوئی بات نہیں سنتا۔ وزیر دفاع نے جب جواب نہ دیا تو وہ بپھرگئے جس پر وزیر دفاع اور موقع پر موجود لوگوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تاہم وزیر دفاع وہاں سے چلے گئے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔