کورونا کیلیے مختص 50 فیصد وینٹی لیٹر استعمال نہیں ہوئے این ڈی ایم اے

سرکاری اسپتالوں کے آئی سی یوز میں بیڈز کی کوئی کمی نہیں، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل


شبیر حسین May 27, 2020
1310وینٹی لیٹرز کا آرڈردیا ہوا ہے، 100وینٹی لیٹرز جلد پہنچ جائینگے، میڈیا کو بریفنگ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا سے نمٹنے کیلیے تمام تر حفاظتی سامان کی تیاری میں خودکفیل ہوچکا تاہم کورنا مریضوں کیلئے مختص وینٹی لیٹرز میں سے ابھی تک 50فیصد سے زائد استعمال ہی نہیں ہوئے۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ڈی ایچ کیو فیصل آباد میں12وینٹی لیٹرزہیں، عدم دستیابی کی خبر غلط ہے۔31 مئی تک ہمارے پاس585 آئی سی یو وینٹی لیٹرز موجود ہونگے، این ڈی ایم اے نے مزید1310وینٹی لیٹرز کا آرڈردیا ہوا ہے، امریکا نے بھی200 وینٹی لیٹرز کی فراہمی کی پیشکش کی ہے۔100وینٹی لیٹرز جلد پاکستان پہنچ جائیں گے جن میں سے 30 پشاور، 30 کراچی اور 15،15 لاہور اورکوئٹہ کو دیے جائیں گے۔ 365 سرکاری اسپتالوں کو کورونا مریضوں کیلیے استعمال کیا جا رہا ہے جہاں آئی سی یو میں بیڈز کی کوئی کمی نہیں، بیڈ نہ ملنے پر این ڈی ایم اے کے یونیورسل نمبر 157۔157۔111پر شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عید پر وزارت صحت کی جانب سے جاری ایس او پیز کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں ہوئیں۔ علاوہ ازیں این ڈی ایم اے نے ملک بھر کے قرنطینہ مراکز و اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو وزارت صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ضمن میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹرز کو مراسلے جاری کر دیے ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کورونا مریضوں کیلیے طبی سہولیات اور اسپتالوں میں ماحول اور فرش کی صفائی ستھرائی کے حوالہ سے وزارت صحت کی گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کی نگرانی کا نظام وضع کیا جائے اور رپورٹ این ڈی ایم اے کو ارسال کی جائے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں