اداکارہ عظمیٰ خان کو ہراساں کیے جانے کی ویڈیووائرل

عظمیٰ خان ہمایوں سعید کے ساتھ فلم’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں

عظمیٰ خان ہمایوں سعید کے ساتھ فلم’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں فوٹوفائل

پاکستانی اداکارہ و ماڈل عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں نامعلوم خاتون کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا پر فلم ''جوانی پھر نہیں آنی'' کی اداکارہ اور مشہور ماڈل عظمیٰ خان کا نام ٹرینڈ کررہا ہے جس کی وجہ وہ ویڈیو ہے جس میں عظمیٰ خان اپنی بہن ہماخان کے ساتھ کافی خوفزدہ نظر آرہی ہیں۔

ویڈیو میں ایک نامعلوم خاتون عظمیٰ خان اور ان کی بہن پر چلارہی ہیں جس کے باعث دونوں بہنیں کافی ڈری سہمی نظر آرہی ہیں اور اپنے سامنے کھڑی خاتون سے کہہ رہی ہیں ''آنٹی بس آخری موقع دے دیں''۔ جس پر سامنے کھڑی خاتون جن کا چہرہ نظر نہیں آرہا آنٹی کہنے پر بھڑک جاتی ہیں اور کہتی ہیں آنٹی کس کو کہہ رہی ہو میں تم سے 6 سال بڑی ہوں۔

جس کے بعد نامعلوم خاتون ان دونوں بہنوں سے کسی عثمان نامی شخص کے بارے میں سوالات کرتے ہوئے ان پر الزام لگاتی ہیں۔ تاہم یہ دونوں بہنیں اس پورے واقعے کے دوران کافی ڈری سہمی نظر آئیں اور عظمیٰ خان کہہ رہی ہیں عثمان کے ساتھ کچھ بھی نہیں ہوا اور ویڈیو یہیں ختم ہوجاتی ہے۔


یہ بھی نہیں معلوم کہ عظمیٰ کو دھمکانے والی خاتون کون ہیں اور جس شخص عثمان کے بارے میں وہ بات کررہی ہے اس کا اس خاتون کے ساتھ کیا رشتہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ اداکارہ عظمیٰ خان نے 2013 میں ریلیز ہوئی فلم''وار'' سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا بعد ازاں وہ ہمایوں سعید کے ساتھ سپر ہٹ فلم ''جوانی پھر نہیں آنی''، ''جوانی پھر نہیں آنی2''، ''تیری میری لو اسٹوری'' اور ''یلغار'' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔

content.jwplatform.com


Load Next Story