حادثے کے شکار طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر 6 روز بعد مل گیا

کاک پٹ وائس ریکارڈر طیارہ حادثہ تفتیشی بورڈ کے حوالے کردیا گیا، ترجمان پی آئی اے

ایئربس کی ٹیم طیارہ گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے فوٹو: فائل

PESHAWAR:
22 مئی کو حادثے کا شکار طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر 6 روز بعد مل گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں 22 مئی کو حادثے میں تباہ ہونے والے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر 6 روز بعد مل گیا، ترجمان پی آئی اے نے کاک پٹ وائس ریکارڈر ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاک پٹ وائس رکارڈرکی تلاش آج صبح نئے سرے سے شروع کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں طیارے کا کاک پٹ وائس رکارڈر ملبے کے نیچے سے مل گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کاک پٹ وائس ریکارڈر طیارہ حادثہ تفتیشی بورڈ کے حوالے کردیا گیا، اس سے تحقیقات میں بہت مدد ملے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: حکومت کا طیارہ حادثہ کی رپورٹ 22 جون کو عوام کے سامنے لانے کا اعلان


دوسری جانب ایئربس کی ٹیم طیارہ گرنے کے مقام سے لے کر رن وے تک تحقیقات کو جاری رکھے ہوئے ہے جب کہ طیارے کے ملبے سے مزید شواہد بھی اکھٹے کیے جارہے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: طیارہ حادثے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے، وزیراعظم

واضح رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی آنے والا طیارہ ایئرپورٹ سے ملحقہ آبادی میں جاگرا تھا۔ جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 99 میں سے 97 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

 
Load Next Story