سندھ میں 11 ہزار سے زائد کورونا مریض صحتیاب ہوگئے

24 گھنٹوں میں 1103 مریض ظاہر ہوئے جب کہ 1924 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، وزیراعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک May 28, 2020
صوبے میں کورونا کے کیسز کا بڑھنا عوام کی بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک 11 ہزار 190 کورونا کے مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کی صورتحال سے متعلق اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4101 ٹیسٹ کئے گئے، 1103 نئے کورونا کے کیسزرپورٹ ہوئے جب کہ 16 مریض انتقال کرگئے، سندھ میں اب تک 396 کورونا مریض انتقال کرچکے ہیں، جب کہ 227 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جس میں 39 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ 1924 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، سندھ میں اس وقت 13 ہزار 723 مریض زیرعلاج ہیں، 12 ہزار 146 مریض اپنے گھروں، 661 مریض آئیسولیشن سینٹرز اور 916 مریض مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔

وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آنے والے 1103 کیسز میں سے کراچی سے 905 کیسز ظاہر ہوئے، کراچی کے ضلع ملیر سے 249، جنوبی سے 201 ، شرقی سے 175 ، وسطی میں 131 ، کورنگی میں 100 اور ضلع غربی میں 49 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں 32، شکارپور میں 21، لاڑکانہ میں 20، سکھر میں 19، گھوٹکی میں 18، جیکب آباد میں 11، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں 7،7 ، خیرپور میں 4 ، دادو اور میرپورخاص میں 2،2 جب کہ نوشہرو فیروز، سانگھڑ، نوابشاہ اور ٹھٹہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبے میں کورونا کے کیسز کا بڑھنا عوام کی بے احتیاطی کا نتیجہ ہے، جب تک ہم احتیاط نہیں کریں گے اس وبا کو شکست نہیں دی جاسکتی، افسوس سے بہتر ہے کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔